گیس کی طلب پوری کرنے کیلئے زیر زمین سٹریٹجک سٹوریج تعمیر کرنے کا فیصلہ

سٹرٹیجک زیر زمین گیس ذخیرہ کی تعمیر ملک میں توانائی کی مسلسل اور مستحکم قیمت پر فراہمی یقینی بنانے کے لئے حکومت کی پالیسی کا حصہ ہے، معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر

622

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے کہا ہے کہ پاکستان نے گھریلو اور کمرشل سطح پر گیس کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے اور موسم سرما میں سپلائی بحال رکھنے کیلئے ہنگامی طور پر گیس کے زیر زمین ذخیرے کی تعمیر پر غور شروع کر دیا ہے۔

وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) میں زیر زمین گیس ذخیرہ کرنے کیلئے سہولت کی تعمیر کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا، ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) اس پراجیکٹ کے لئے پاکستان کی معاونت کر رہا ہے اور یورپی آئل اینڈ گیس کے سازوسامان کی کمپنیاں بھی اس منصوبے میں شامل ہیں۔

سٹریٹجک انڈر گرائونڈ سٹوریج (ایس یو جی ایس) کی تعمیر کی وضاحت کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان نے خاص طور پر موسم سرما میں گھریلو اور تجارتی مانگ کی بڑھتی ہوئی طلب کے دوران ملک میں سپلائی میں خلل پڑنے سے متعلق گیس کے ہنگامی ذخیرے کی تعمیر پر غور کیا ہے۔

اجلاس کے اختتام پر فریقین نے زیر زمین گیس ذخیرہ کرنے کے طریقہ کار سے متعلق مطالعہ رپورٹ کو تیزی سے مئی 2021ء تک مکمل کرنے پر اتفاق کیا تاکہ سہولت کی تعمیر کے لئے فنڈز کی دستیابی کو مقررہ وقت پر یقینی بنایا جا سکے۔

حتمی رپورٹ میں گیس سٹوریج فیسلیٹی کے حجم، نمونے اور سکیورٹی کی فراہمی کے حوالے سے خاکہ مہیا کیا جائے گا، اس سے قبل 2019ء میں وزیر توانائی اور معاون خصوصی پٹرولیم نے سٹرٹیجک سٹوریج گیس فیسلیٹی کے حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بینک سے تبادلہ خیال کیا تھا جو اس منصوبے کے لئے فزیبلٹی سٹڈی کرنے پر راضی ہو گئے تھے اور گرانٹ بھی مختص کی گئی تھی۔

انٹر سٹیٹ گیس سسٹمز (پرائیویٹ) لمیٹڈ جو مکمل طور پر حکومتی ملکیتی ادارہ ہے اس پراجیکٹ کا فوکل ادارہ ہو گا۔ حال ہی میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی مسابقتی بولی کے عمل سے سٹوریج کے لئے فزیبلٹی رپورٹ کو تیار کرنے کے لئے بین الاقوامی مشیر مقرر کیا ہے۔

حکومت اس منصوبے کو گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (جی آئی ڈی سی) کے ذریعے مالی اعانت فراہم کرے گی۔

بین الاقوامی گیس معاہدوں کے تحت درآمدی گیس کی وابستگی کی فراہمی اور ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی گیس کی مانگ کے پیش نظر ملک میں زیر زمین قدرتی گیس ذخیرہ کرنے کی سہولیات معاشی پیشرفت کے ساتھ گیس کی مسلسل فراہمی برقرار رکھنے کیلئے اہم کردار ادا کرے گی۔

اس منصوبے سے پائیدار معاشی نمو کے لئے بلاتعطل گیس کی فراہمی سے پاکستان کی ترقی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here