پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

629

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے آئندہ ماہ اکتوبر 2020ء کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا عندیہ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اوگرا نے آئندہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ضروری فیڈ بیک کے لیے اپنی سفارشات وزارت خزانہ کو بھجوا دی ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے یا برقرار رکھنے کا حتمی فیصلہ وزارتِ خزانہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق 30 ستمبر (بدھ) کو کرے گی۔

ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے حکومت کو اپنی سفارشات میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کم ہونے کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔

ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس پیشرفت کے بارے میں بتایا کہ اوگرا نے حکومت کو سفارش کی تھی کہ وہ یا تو پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں دو روپے کمی کرے یا پیٹرولیم مصنوعات پر پہلے سے عائد کردہ پیٹرولیم لیوی کے تناسب میں اضافہ کرکے ان مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھے۔

یہاں یہ مدِنظر رہے کہ حکومت نے اگست اور ستمبر 2020ء کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی تھیں، خزانہ ڈویژن نے 31 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 3.86 روپے فی لٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل پانچ روپے فی لٹر، کیروسین آئل 5.97 روپے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل آئل 6.62 روپے فی لٹر اضافے کا اعلان کیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here