ایوی ایشن ڈویژن نے بغیر پائلٹ طیاروں کے کمرشل استعمال کی پالیسی کو حتمی شکل دیدی

682

اسلام آباد: پاکستان نے بغیر پائلٹ طیاروں (Unmanned Aircraft System) کے حوالے سے پالیسی کی منظوری کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں، اس حوالے سے وزارت ہوابازی پہلے ہی تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ پالیسی کا مسودہ شئیر کر چکی ہے۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کی زیر صدارت بغیر ہوا باز طیاروں کے سسٹم کی پالیسی کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں صوبوں سمیت مختلف وزارتوں کے افسران نے شرکت کی۔

ایوی ایشن ڈویژن کے ترجمان اور سینئر جوائنٹ سیکرٹری عبدالستار کھوکھر کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ ریموٹ کے ذریعے ایئر کرافٹ سسٹم کے استعمال میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے جس کی روشنی میں یہ صحیح وقت ہے کہ بغیر ہوا باز ایئر کرافٹ سسٹم (یو اے ایس) کے استعمال کو ریگولیٹ کرنے کی پالیسی تشکیل دی جائے۔

شرکاء نے اٹھائے گئے اقدامات کا اعتراف کیا اور اس ضمن میں اپنی گراں قدر تجاویز بھی پیش کیں۔ اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ فریقین آئندہ 15 روز کے اندر اپنی تجاویز اور خیالات کے تبادلے کا عمل مکمل کر لیں اور آئندہ اجلاس تمام فریقین کے پالیسی پر تبصرے مکمل ہونے پر بلایا جائے گا۔

یہ اجلاس ایوی ایشن ڈویژن کی طرف سے بغیر ہوا باز طیاروں کے استعمال کی پالیسی کے مسودے کو حتمی شکل دینے کیلئے بلایا گیا تھا اور 3 ستمبر 2020ء کو تمام سٹیک ہولڈرز کو اس حوالے سے آگاہ کیا گیا تھا۔

اس قومی پالیسی کا مقصد ریموٹ کے ذریعے اڑائے جانے والے جہازوں کے استعمال میں اضافہ کے باعث پاکستان میں ایسے طیاروں کے استعمال کو محفوظ بنانا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here