’24 املاک کی نیلامی سے حکومت کو ایک ارب 7 کروڑ روپے آمدن‘

لاہور میں وزارت صنعت و پیداوار کی زیر ملکیت ری پبلک موٹرز کی نیلامی، پانچ ارب روپے ریزرو قیمت سن کر کوئی پارٹی بولی میں حصہ نہ لے سکی

459

لاہور: وفاقی وزیر نجکاری  محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ سرکاری املاک اور ادوروں کی نجکاری کے پہلے مرحلے میں اب تک 24 املاک کی نیلامی ہو چکی ہے جس سے ایک ارب 7 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی ہے۔

پیر کو لاہور میں وزارت صنعت و پیداوار کی زیر ملکیت ری پبلک موٹرز کی نیلامی کا عمل ہوا جس کی ریزرو قیمت 5 ارب روپے مقرر کی گئی تھی تاہم بولی میں کوئی خواہشمند پارٹی حصہ نہ لے سکی جس کی وجہ سے بولی کا عمل ملتوی کر دیا گیا۔

نیلامی کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں مالی سال میں سرکاری املاک سے نجکاری کا ہدف 100 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا مگر کورونا کی لہر نے اس عمل کو متاثر کیا تاہم نجکاری کمیشن اس ہدف کو مکمل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے: 

حویلی بہادر شاہ، بلوکی پاور پلانٹس کی نجکاری تکمیل کے مراحل میں داخل

نجکاری بورڈ سے ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری کے لیے ٹرانزیکشن سٹرکچر منظور

وفاقی وزیر برائے نجکاری نے بتایا کہ سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی نجکاری کا عمل شروع ہو چکا ہے جبکہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں پیسکو اور حیسکو کی ابتدائی سٹڈی ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ نجکاری کمیشن نے 7 ستمبر سے سرکاری املاک کی نیلامی کا عمل شروع کیا تھا جس کے تحت اسلام آباد ، لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، وہاڑی، رحیم یارخان، نواب شاہ اور کاغان میں نیلامی کا عمل ہو چکا ہے۔

سرکاری املاک کی نیلامی کا عمل مکمل ہونے کے بعد وفاقی کابینہ کی کمیٹی اس کا جائزہ لے گی اور حتمی منظوری دے گی جس کے بعد جائیدادیں ان کے مالکان کو منتقل کی جائیں گی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ اپوزیشن کی کسی تحریک سے کوئی خطرہ نہیں، حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے گی جبکہ آئندہ بھی پانچ سال کیلئے حکومت بنائیں گے، ملک میں جاری حالیہ سیاسی صورتحال سے معاشی ایجنڈا متاثر نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو دیوار سے لگانا ہمارا ایجنڈا نہیں، اپوزیشن سے بات چیت کیلئے ہمیشہ تیار ہیں، اس میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہئے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here