مصنوعات کی برانڈنگ اور ویلیو ایڈیشن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے: صدر مملکت

ماضی میں بدعنوانی اور غلط فیصلوں نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا، موجودہ حکومت فیصلے متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے کرتی ہے، عارف علوی کا ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کی سالانہ تقریب سے خطاب

236

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ماضی میں بدعنوانی اور غلط فیصلوں نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا، ہمیں اپنی مصنوعات کی برانڈنگ اور ویلیو ایڈیشن پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

سوموار کو ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ معاشی ترقی میں ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کا اہم کردار ہے، یہ فعال ادارہ ہے اور اس کے ارکان مثبت سوچ کے ساتھ حکومت کی رہنمائی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی سازی میں مشاورت انتہائی اہمیت رکھتی ہے، ماضی میں بدعنوانی اور غلط فیصلوں نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا، موجودہ دور حکومت میں تمام فیصلے متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے کئے جاتے ہیں اور ان کے مسائل حل کئے جاتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ قومیں اتحاد سے ترقی کرتی ہیں، کورونا وباء کے دوران قوم نے اتحاد اور حکومت نے بہترین فیصلہ سازی کا مظاہرہ کیا، اللہ کا پاکستان پر احسان ہے کہ ہم نے کورونا وباء پر کامیابی سے قابو پایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وبا کے دوران غریب اور مزدور کا احساس کیا، صنعتیں بند نہیں کیں، مکمل لاک ڈاﺅن نہیں کیا جس کا مقصد تھا کہ غریبوں کا روزگار متاثر نہ ہو، اسی طرح حکومت نے اس وبا کے دوران ایک کروڑ 69 لاکھ خاندانوں میں 12 ہزار روپے فی خاندان مالی مدد تقسیم کی۔

صدر نے کہا کہ کورونا وبا کے خلاف یہ قوم کی جیت ہے، حکومت کو کورنا وبا پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ پسماندہ طبقے کی مشکلات کا احساس تھا، کورونا وبا کے باوجود برآمدات بڑھیں، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ کم ہوا، بیرون ملک سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، ماضی میں لئے گئے قرضے ادا کئے گئے، پاکستان کی نسبت ہمسایہ ملک کورونا وباء سے زیادہ متاثر ہوا لیکن حکومت پاکستان کے کورونا کی روک تھام کے لئے کئے گئے اقدامات کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام سب کو مساوی مواقع فراہم کرنا ہوتا ہے، حکومت امیروں سے ٹیکس وصول کرتی ہے اور غریبوں پر خرچ کرتی ہے، اس معاملے میں بدعنوانی تکلیف دہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی سرگرمیوں کا فروغ ، تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ فیصل آباد میں خصوصی اقتصادی زون کے قیام سے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔

عارف علوی نے کہا کہ ملک میں سمارٹ فونز تیار ہونا شروع ہو گئے ہیں، نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبہ کی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنی مصنوعات کی برانڈنگ اور ویلیو ایڈیشن پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا میں اپنے تاجروں کے لئے اعتماد سازی کو فروغ دینا ہو گا، تجارت کی بنیاد پر کشمیر اور فلسطین میں ہونے والے مظالم کو نظر انداز کیا جاتا ہے، ہم اسلامی اور اخلاقی اقدار پر عمل پر اپنے کاروبار اور تجارت کو فرو غ دے سکتے ہیں اور امید ہے کہ پاکستان جلد دنیا میں بڑی قوم بن کر ابھرے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here