لاہور: متروکہ وقف املاک بورڈ کی ملک بھر میں موجود وقف املاک اور زمینوں کی ڈیجیٹلائزیشن اور جیو میپنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ عامر ہاشمی نے کہا ہے کہ سروے جنرل آف پاکستان کے ساتھ ہونے والے متوقع معاہدے کی دستاویزات تیار کر لی گئی ہیں جنہیں 30 ستمبر کو متروکہ وقف املاک بورڈ کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ کی منظوری کے بعد دو وفاقی اداروں کے درمیان تحریری معاہدے پر دستخط ہوں گے اور ڈیجیٹلائزیشن و جیو میپنگ کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وقف املاک اور زمینوں کی ڈیجیٹلائزیشن و جیو میپنگ کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں کے دوران ملک بھر میں بیشتر مقامات پر وقف املاک ہونے کے باوجود ان کا قبضہ ادارے کے پاس نہ ہونے کی شکایات سامنے آئی تھیں اور اسی تناظر میں وزیراعظم نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کو مینول ریکارڈ کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے اور ان کی جیو میپنگ کی ہدایات جاری کی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ وقف املاک اور زمینوں کا ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن اور جیو میپنگ سے فیلڈ سٹاف کی کرپشن پر قابو پانے اور املاک و زمینوں کی حفاظت ممکن ہو گی۔