اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فیصل آباد انڈسٹریل زون میں 200 ایکڑ پر میڈیکل آلات بنانے کا زون قائم کیا ہے۔ میڈیکل زون کے قیام سے میڈیکل آلات کی درآمد پر 1.4 ارب ڈالر کی بچت ہوگی۔
اپنے ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ میڈیکل زون میں سرنج، ڈائیلاسز مشینیں، ہارٹ سٹنٹس، ایکسرے مشین بنائیں گے، اگلا میڈیکل انڈسٹریل زون سیالکوٹ میں قائم ہو گا۔
دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات و چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے بیرونی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے تحت بننے والے فیصل آباد اقتصادی زون میں میڈیکل سٹی کا قیام خوش آئند ہے، اس سے مستقبل میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں اور طبی شعبے کی برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔