لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیاحت کے عالمی دن پر ’ٹورازم پنجاب ایپ‘ اور ڈی ٹی ایس سسٹم ایپ کا افتتاح کر دیا۔
صوبہ بھر میں 511 سیاحتی مقامات کے بارے میں تمام معلومات پنجاب ٹورازم ایپ پر مہیا کی گئی ہیں، شہری ایپ کے ذریعے سیاحت سے متعلقہ معلومات اور ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کی جانب سے دی جانے والی سہولیات سے آن لائن استفادہ کر سکیں گے-
ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب (ٹی ڈی سی پی) کے ہوٹلوں کی بکنگ بھی آن لائن کرائی جا سکے گی، شہری گوگل پلے سٹور پر جا کر موبائل ایپ ڈاﺅن لوڈ کر سکتے ہیں-
ڈی ٹی ایس سسٹم ایپ ٹورسٹ آپریٹرز کے لئے متعارف کرائی گئی ہے، ٹورسٹ آپریٹرز اب آن لائن رجسٹریشن کرا سکیں گے اور ان کے تمام امور کو آٹومیٹڈ کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیاحت کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور پنجاب ٹورازم ایپ کے اہم فیچرز سے آگاہ کیا گیا-
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس ضمن میں ای پےمنٹ کی سہولت بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے-انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صوبے کے عوام کے لئے ہر شعبے میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں، یہی حقیقی انقلاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے جامع پالیسی بنائی گئی ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پنجاب کو سیاحت کا بہترین مرکز بنائیں گے، پنجاب میں سیاحت کا بہت پوٹینشل ہے، سیاحت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، پنجاب کے اندر سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے-