ولمر انٹرنیشنل کی یونٹی فوڈز میں ستر کروڑ دس لاکھ روپے کی سرمایہ کاری

یہ سرمایہ کاری یونٹی فوڈز کی جانب سے رائٹس شئیرز جاری کرنے کے تناظر میں کی گئی

848

لاہور : ولمر پاکستان ہولڈنگز لمیٹڈ نے 701 ملین روپے کے عوض یونٹی فوڈز لمیٹدڈ کے سات کروڈ دو لاکھ حصص خرید لیے ۔ اس سرمایہ کاری کی بعد ولمر یونٹی فوڈز کے 23.47 فیصد حصص کی مالک بن گئی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ولمر نے یہ  سرمایہ کاری  یونٹی فوڈز کی جانب سے رائٹس شئیرز جاری کرنے کے تناظر میں کی اور وہ  213,269,339 حصص خریدنا چاہتی تھی مگر اسے 70,155,000 حصص کی پیشکش کی گئی جو اس نے قبول کرلی۔

 حصص کی اس خریداری کے لیے رقم ولمر انڑنیشنل کے اندرونی فنڈز سے جاری کی گئی اور کمپنی کا اس خریداری سے متعلق کہنا ہے کہ اس چیز کا رواں مالی سال کے اختتام ( 31 دسمبر 2021 ) تک اس کی آمدنی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیے:

مسابقتی کمیشن کی کاروائیاں سرمایہ کاری کی فضا کے لیے نقصان دہ : سیمنٹ مینوفیکچورز

روس کراچی تا لاہور گیس پائپ لائن منصوبے میں 1.7 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا خواہاں

اس سے پہلے جولائی میں یونٹی ولمر ایگرو جس کے 52 فیصد مالکانہ حقوق ولمر انٹرنیشنل کے پاس ہیں نے یونٹی فوڈز میں اپنے ملکیتی عام شئیرز کا حجم ساٹھ کروڑ سے بڑھا کر سولہ کروڑ بتیس لاکھ کرلیا تھا۔

اس کام کے لیے اس نے 1 ارب روپےسے زائد کی رقم خرچ کی تھی اور اس کےنتیجے میں یہ یونٹی فوڈز کے 18.98 فیصد سے بڑھ کر تیس فیصد حصے کی مالک بن گئی تھی۔

ولمر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ  یونٹی ولمر ایگرو نے رائٹس شئیرز کی خریداری میں حصہ نہیں لیا اور یونٹی فوڈز میں اس کے عام حصص کا حجم 163,165,877 ہی رہے گا جو کہ شئیر ہولڈنگ کا 16.41 فیصد بنتا ہے۔

یوں ولمر انٹرنیشنل یونٹی ولمر ایگرو اور ولمر پاکستان ہولڈنگز کے ذریعے یونٹی فوڈز کے 233,320,877 عام حصص کی مالک بن گئی ہے یعنی 23.47 فیصد کے۔

یونٹی فوڈز تین سال قبل خوردنی تیل کے میدان میں داخل ہوئی تھی اور خوردنی تیل اور جانوروں کی فیڈ کے میدان میں مہارت رکھتی ہے۔

2019 میں کمپنی کے ریونیو میں  2018 کی نسبت 407 فیصد اضافہ ہوا تھا اور یہ 2.8 ارب سے بڑھ کر چودہ ارب روپے ہوگیا تھا۔

جس وقت کمپنی خوردنی تیل کے میدان میں داخل ہوئی تھی اس وقت یہ  سالانہ 54 ہزار میٹرک ٹن تیل ریفائن کرنے کی صلاحیت رکھتی تھی جو اب بڑھ کر دو لاکھ  34 ہزار میٹرک ٹن تک پہنچ گئی ہے۔

فروری 2019 میں کمپنی نے ایکویٹی مارکیٹوں سے 3.75 ارب روپے حاصل کیے جس کا مقصد توسیع تھا اور جون 2017 میں رائٹس شئیرز جاری کرکے 1 ارب  65 کروڑ روپے حاصل کیے جس کا مقصد زمین کی خریداری، آفس کے قیام، ایکسٹراکشن پلانٹ اور آئل ریفائنری کا قیام تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here