مانسہرہ میں واقع واپڈا ریسٹ ہاؤس سات کروڑ بیس لاکھ روپے میں نیلام

سرکاری محکموں کی اضافی زمینیں اور اثاثہ جات کی نیلامی کا عمل سات سال بعد دوبارہ شروع، کامیاب بولی کے ذریعے مانسہرہ میں لالا زار باتنڈی ریسٹ ہاؤس حاصل کرنے والی کمپنی کا سیاحت کے فروغ کے لیے عالمی معیار کا ہوٹل بنانے کا اعلان

1208

پشاور : وزارت نجکاری نے خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں واقع لالا زار باتنڈی ریسٹ ہاؤس سات کروڑ بیس لاکھ روپے میں نیلام کردیا۔

چھ کنال اور آٹھ مرلوں پر قائم یہ ریسٹ ہاؤس واپڈا کی ملکیت تھا مگر سیاحت کے فروغ کے لیے اسکا درست استعمال کبھی نہیں ہوا۔

ریسٹ ہاؤس کی نیلامی ایبٹ آباد کے ایک ہوٹل میں ہوئی جس میں چھ کمپنیوں نے حصہ لیا۔ زمین کی نیلامی دو کروڑ سترہ لاکھ ساٹھ ہزار روپے سے شروع ہوئی اور سوات ٹورازم ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ نے کامیاب بولی لگائی ۔

یہ بھی پڑھیے:

حکومت نے لاہور میں 13 سرکاری املاک نیلام کر دیں، مزید 19 کی نیلامی جلد متوقع

نیلامی کے اس موقع پر وزارت نجکاری کی آکشن کمیٹی کے ڈائریکٹر جنرل افتخار حسین نقوی، ٹرانزیکشن مینجر سلیمان امین، ممبر آکشن کمیٹی ظہیر صادق اور اسسٹنٹ ایڈیشنل کمشنر امین الحسن بھی موجود تھے۔

آکشن کمیٹی کے ڈائریکٹر جنرل افتخار حسین نقوی کا نیلامی کی اس تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ ملک میں اضافی اثاثہ جات کی نیلامی کا عمل سات سال بعد دوبارہ شروع ہوا ہے۔

انکا بتانا تھا کہ رائج الوقت پالیسی کے تحت پاکستان سٹیل ملز کی ایک ہزار 268 ایکڑ زمین لیز پر دی جائے گی۔

انکا مزید کہنا تھا کہ کوریا، روس، ترکی اور چینی کمپنیاں پاکستان سٹیل ملز  میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

مزید برآں ہزارہ ڈویژن میں ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری کے حوالے سے عبوری رپورٹ تیار کی جارہی ہے ۔

یہ بھی پڑھیے:

حکومت، آئی ایم ایف نے نجکاری کیلئے 12 سرکاری املاک شارٹ لسٹ کر لیں

انکا کہنا تھا کہ استعمال میں نہ ہونے والےاثاثہ جات سے حاصل ہونے والی رقم مالی مشکلات کا شکار حکومت کے خزانے میں جائے گی اور اس کا نوے فیصد استعمال ملکی قرضے اتارنے کے لیے جبکہ بقیہ دس فیصد غربت کے خاتمے کے پروگرامز میں کیا جائے گا۔

انکا بتانا تھا کہ وزارت نجکاری نے بائیس اثاثہ جات نیلام کرکے فنڈز سٹیٹ بنک آف پاکستان میں اکاؤنٹ ون میں جمع کروادیے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ وزارتوں اور محکمہ جات کے اضافی اثاثہ جات کی نیلامی کا عمل وزیراعظم عمران خان کی ذاتی دلچسپی کے تحت انجام پا رہا ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ بڑے شہروں میں سرکاری جائیدادوں کی نیلامی کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گجرانوالہ ، ملتان، وہاڑی اور رحیم یار خان میں حکومتی محکموں کی اضافی زمین کے علاوہ لاہور مال روڈ کا 41 کنال  12 مرلہ علاقہ بھی پانچ ارب بیس کروڑ روپے میں نیلام کردیا گیا ہے۔

مانسہرہ میں واقع لالازار باتنڈی ریسٹ ہاؤس سوات ٹورازم کمپنی کے ہاشم سواتی نے کامیاب بولی لگا کر حاصل کرلیا۔  اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ نیلامی کی اس تقریب میں حصہ لینے کا مقصد عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرکے سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے ریسٹ ہاؤس کی زمین پر عالمی معیار کے ہوٹل کی تمعیر کا بھی اعلان کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here