سٹاک مارکیٹ: 100 انڈیکس 41701 پوائنٹس پر بند، کاروباری ہفتے کا منفی رجحان پر اختتام

573

کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز کے ایس ای 100 انڈیکس میں اتار چڑھاؤ رہا لیکن کاروبار کا اختتام 105 پوائنٹس مندی سے 41701 پوائنٹس پر ہوا۔

دنیا بھر کی ایکویٹی مارکیٹس میں بتدریج منفی رجحان دیکھا جارہا ہے جبکہ خام تیل کی قیمت میں گزشتہ روز کی نسبت کمی ہوئی، ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 0.84 کمی سے 39.37 امریکی ڈالر جبکہ برینٹ کروڈ کی قیمت 0.45 فیصد کمی سے 41.75 ڈالر پر آگئی ہے۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی رول اوور دیکھا گیا، کاروباری ہفتے کے دوران رینج باؤنڈ پرفارمنس اور سیلنگ پریشر رہا، رواں ہفتے کے دوران پروڈکشن اینڈ ایکسپلوریشن، سیمنٹ اور بینکنگ کے سٹاکس نے کاروبار میں منفی رجحان کا اثر ڈالے رکھا۔

جمعہ کے کاروباری روز کا آغاز اچھا نہ ہوا لیکن کاروبار کے وسط میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 294 پوائنٹس اضافے سے یہ 42100 پوائنٹس کی بلند سطح تک گیا، تاہم بعدازاں 204 پوائنٹس مندی سے انڈیکس 41601 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک آگیا۔ کاروبار کا اختتام 105 پوائنٹس خسارے سے 41701 پوائنٹس پر ہوا۔

دیگر اعشاریوں کے مابین کے ایم آئی 30 انڈیکس 373 پوائنٹس کمی سے 66558 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیرانڈیکس 38 پوائنٹس تیزی سے 29636پوائنٹس پر بند ہوا۔

مجموعی مارکیٹ حجم 434 ملین شئیرز پر برقرار رہے، ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ، یونیٹی فوڈ لمیٹڈ اور بائیکو پیٹرولیم پاکستان لمیٹڈ کاروباری اعشاریے میں برتر دکھائی دیے۔

سیمنٹ، ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکشن اور انشورنس کے شعبے مندی کے اثرات کا شکار ہوئے، کمپنیوں کے مابین لکی سیمنٹ لمیٹڈ، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ اور ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ نے منفی کاروبار کیا جس سے انڈیکس ریڈ زون میں بند ہوا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here