ادویات کی قیمتوں میں 262 فیصد اضافے کی منظوری

قیمتوں میں اضافہ مارکیٹ میں ادویات کی قلت کے پیش نظر کیا گیا، امراض قلب، معدے کے امراض، ملیریا، ذیابیطس، سر درد، گلا خراب، نزلہ اور جلدی بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات شامل

457

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کم و بیش 100 ادویات کی قیمتوں میں 262 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق قیمتوں میں اضافہ ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کی تجاویز پر کیا گیا۔

مارکیٹ میں زندگی بچانے والی ادویات کی طویل المدتی قلت کے باعث وفاقی کابینہ نے قیمتوں کو ریشنلائز کرنے کی اجازت دی تھی جس کے بعد ان ادویات کی قیمتیں بڑھائی گئی تھیں جن کی رسد میں کمی دیکھی گئی۔

ڈرگ پرائسنگ کمیٹی نے اپنے 37ویں، 38ویں اور 39ویں اجلاس میں مندرجہ بالا عوامل کے باعث کابینہ کو تجویز دی تھی کہ ادویات کی قیمتیں بڑھائی جائیں تاکہ مارکیٹ میں قلت پیدا نہ ہو۔

ڈریپ کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق جن ادویات کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں ان میں آنکھ، کان، دانت اور منہ کے انفکیشن کیلئے استعمال ہونے والی ادویات شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بخار کے بعد پیچیدگیوں کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات، امراض قلب، معدے کے امراض، ملیریا، ذیابیطس، سر درد، گلا خراب، نزلہ اور جلدی بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here