اسلام آباد: پیٹرولیم ڈویژن نے 27 نئے ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) بلاکس کی نیلامی کا فیصلہ کیا ہے، ان میں سے 20 بلاکس کی نیلامی اکتوبر میں جبکہ باقی کی نیلامی دسمبر میں کی جائے گی۔
پیڑولیم سیکٹر ڈویلپمنٹ کے ایک اعلیٰ افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کو بتایا کہ ای اینڈ پی کے 20 بلاکس کی نیلامی کے اشتہارات اکتوبر کے پہلے ہفتے میں دیے جائیں گے جبکہ دیگر 7 بلاکس کی پیشکش دسمبر میں کی جائے گی۔
’نیلامی کا مقصد ملک کے مختلف حصوں میں ممکنہ ہائیڈرو کاربن کے علاقہ جات میں آئل اینڈ گیس کی دریافت کی سرگرمیوں کو بڑھانا ہے۔‘
مذکورہ افسر نے کہا کہ حکومت ملک میں موجودہ توانائی کی صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ملک کی حالیہ اور مستقبل میں آئل اینڈ گیس سیکٹر کی ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کرنے کے لیے ہر طرح کے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ گیس کے ذخائر سالانہ 9.5 فیصد کی شرح سے کم ہو رہے ہیں، بدقسمتی سے ماضی میں طویل عرصے تک نئے ذخائر دریافت کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کی سرگرمیوں پر توجہ نہیں دی گئی جس کے نتیجے میں ملک کو توانائی بحران کا سامنا ہے۔
’مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے پانچ سالہ دورِ حکومت میں کسی ایک بھی ای اینڈ پی بلاک کا ٹھیکا نہیں دیا جس کی وجہ سے گیس کی طلب اور مانگ کا خلاء بڑھتا گیا۔‘
مذکورہ افسر نے کہا کہ حکومت نے ستمبر 2018ء سے ٹھیکوں کی بولی شروع کر رکھی ہے، تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کے لیے ڈرلنگ کا عمل تیز کرنے کے لیے لگ بھگ 10 نئے بلاکس کے ٹھیکے دیے گئے ہیں تاہم اس عمل میں چار سے پانچ سال لگیں گے۔