سعودی عرب اور دبئی کے درمیان پروازیں بحال، غیر ملکیوں کو ویزوں کا دوبارہ اجراء

873

ریاض: سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے کہا ہے کہ دبئی کے لیے شیڈول پروازیں اتوار (27 ستمبر) سے بحال کر دی جائیں گی، ریاض، جدہ اور دمام سے دبئی کے لیے روزانہ پانچ پروازیں چلائی جائیں گی۔

سعودی اخبار کے مطابق ناس ایئر، امارات ایئر اور فلائی دبئی بھی یکم اکتوبر سے پروازیں شروع کریں گی جس کے بعد رفتہ رفتہ ان کی تعداد بڑھائی جائے گی۔

دبئی ایئرپورٹ کے ڈپٹی ایگزیکٹو چیئرمین ماجد الجوکر نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب کے بڑے شہروں اور دبئی کے درمیان پروازوں کی بحالی اہم اقدام ہے، اس کی بدولت دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی سرگرمیاں بہتر ہوں گی۔

سعودی عرب دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے سب سے زیادہ پروازیں چلانے کے حوالے سے دوسرا ملک ہے، 2019ء کے دوران 63 لاکھ سے زیادہ سعودیوں نے دبئی کا سفر کیا تھا۔

اتحاد ایئر ویز نے کہا ہے کہ یکم اکتوبر سے ریاض، جدہ اور دمام کے لیے اس کی پروازیں بحال ہو جائیں گی۔

ادھرسعودی السعودیہ ائیر نے اپنی پروازوں سے سفر کرنے والے بچوں اور شیرخواروں کیلئے ٹکٹ میں 90 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق السعودیہ نے بتایا کہ شیرخوار کے ٹکٹ کی قیمت عام ٹکٹ کا دس فیصد ہوگی،

جہاں تک بچے کے ٹکٹ کی قیمت کا تعلق ہے تو یہ عام ٹکٹ کے پچاس فیصد کے مساوی ہو گا، چھ برس سے کم عمر کے بچوں سے سفرکرتے وقت پی سی آر ٹیسٹ طلب نہیں کیا جائے گا، یہ بچے نئے کورونا وائرس ٹیسٹ اور اس کے سرٹیفکیٹ سے مستثنیٰ ہوں گے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی جانب سے ملک میں غیر ملکیوں کے داخلے کے لیے ویزے 24 ستمبر سے دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں داخلے کے لیے سیاحتی ویزے دوبارہ جاری کیے جائیں گے تاہم ورک ویزوں کے دوبارہ اجراء کا سلسلہ ابھی شروع نہیں کیا جا رہا۔

امارات نے کورونا وائرس کے باعث نئے ویزے کے اجراء اور ملک میں غیرملکیوں کے داخلے پر پابندی لگا رکھی تھی۔ وفاقی اتھارٹی کی جانب سے ٹریول انڈسٹری کو کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے حفاظتی تدابیر کے لیے مکمل اقدامات کے لیے کہا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here