پی آئی اے کو سعودی عرب کیلئے مزید 21 پروازوں کی اجازت مل گئی

سی ای او پی آئی اے کی درخواست پر وزیر اعظم کی سعودی حکام سے بات چیت، قومی ائیرلائن کو خصوصی اجازت نامہ جاری

95

اسلام آباد: قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کو سعودی عرب کے لئے 21 مزید پروازوں کا خصوصی اجازت نامہ مل گیا۔

پی آئی اے  کے ترجمان عبداللہ خان کے مطابق گزشتہ رات پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ائیر مارشل ارشد ملک نے وزیراعظم سے سعودیہ جانے والوں کی پریشانی اور بے پناہ رش کا مسئلہ حل کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی، اعلیٰ سطحی سفارتی ذرائع استعمال کرنے کے بعد صرف پی آئی اے کو خصوصی طور پر مزید پروازیں چلانے کا پروانہ جاری کیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ زیادہ تر اقامے جو 30 ستمبر کو مدت پوری کر رہے ہیں کی وجہ سے پی آئی اے کے دفاتر اور ایجنٹس کے پاس غیر معمولی رش ہو گیا تھا جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ عناصر نے کئی گنا مہنگے ٹکٹس فروخت کرنے شروع کر دیے تھے۔

ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ قومی ائیرلائن کے سربراہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اصل کرائے شائع کروائے اور مزید پروازوں کی اجازت طلب کی تھی۔

پی آئی اے کی ہفتہ وار 23 پروازیں پاکستان کے مختلف شہروں سے سعودی عرب روانہ ہو رہی ہیں جن میں 12 ہزار افراد کی گنجائش ہے۔

عبداللہ خان نے کہا کہ 13 مزید پروازیں سماجی فاصلے کی قوانین کے ساتھ آپریٹ کرنے سے مزید 3500 کی گنجائش پیدا ہوئی جو طلب سے بہت کم تھی۔

 وزیراعظم کی مداخلت کے ساتھ 21 مزید پروازوں کے سسٹم میں آنے کے بعد پی آئی اے کی صلاحیت 25 ہزار مسافروں کو روزانہ لے جانے کی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ تمام افراد 30 ستمبر سے پہلے سعودی عرب روانہ ہو جائیں گے، اکتوبر کیلئے پی آئی اے نے پہلے ہی اپنی پروازیں دوگنی کرنے کیلئے سعودی حکام سے درخواست کر لی ہے۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے صدر و وزیراعظم پاکستان، وزیر ہوابازی, وزیر خارجہ اور سیکٹری خارجہ کی خصوصی مشکور ہے۔ اس وقت جب ہمارے ہم وطن شدید پریشانی میں مبتلا تھے وزیراعظم کے کردار کے باعث اب بآسانی سعودیہ روزگار کیلئے جا سکیں گی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ پی آئی اے وزارت خارجہ سے بات چیت کر رہی ہے کہ اقامہ کی مدت میں توسیع کیلئے بھی سعودی حکام سے بات کریں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here