اسلام آباد: انسداد منی لانڈرنگ کے حوالے سے قومی انتظامی کمیٹی (این ای سی) کے اجلاس میں منی لانڈرنگ کے کیسز کی تحقیقات اور استغاثہ کو آگے بڑھانے کے ضمن میں قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی استعداد کار میں بہتری کے لئے رہنما ہدایات کی منظوری دی گئی۔
وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت انسداد منی لانڈرنگ کے حوالے سے قومی انتظامی کمیٹی (این ای سی) کا اجلاس جمعرات کو وزارت خزانہ میں ہوا۔
فنانشنل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) کی ڈائریکٹر جنرل نے اجلاس کے شرکاء کو فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس کے حوالے سے پیشرفت بشمول مشترکہ گروپ سے بالمشافہ ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے کوویڈ 19 کے حوالے سے پیش آنے والے چیلنجز کے باوجود آئی سی آر جی ایکشن پلان کی تکمیل پر کافی پیشرفت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف اور ایشیاء پیسفک گروپ کی سفارشات کے حوالے سے خامیوں کو دور کرنے کے لئے پاکستان نے 15 قوانین میں ترامیم کی ہے۔
اجلاس میں سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز اور پاکستان پوسٹ کے حوالے سے ضابطوں کی بھی منظوری دی گئی،وفاقی حکومت بعد ازاں اس کی منظوری دے گی۔
اجلاس میں اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010ء میں ترامیم کے بعد فالو اَپ اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔