حکومت نے 163 ٹیرف لائنز پر کسٹم، ایڈیشنل کسٹم اور ریگولیٹری ڈیوٹیاں ختم کردیں

اس اقدام کے تحت سالانہ 532 ملین روپے کی ٹیکس چھوٹ دی جائے گی جس کا مقصد برآمدات میں اضافہ اور کاروباری لاگت میں کمی کرنا ہے

491

اسلام آباد : کاروباری لاگت میں کمی اور برآمدات میں اضافے کے لیے  حکومت نے 163 ٹیرف لائنز پر کسٹم ، ریگولیٹری اور ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹیاں ختم کردیں۔

اس اقدام کی منظوری دینے کے بعد کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایف بی آر کو اس فیصلے پر فوری عمل درآمد کرنے کا حکم  بھی دے دیا ہے۔

یہ فیصلہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی سفارش پر کیا گیا اور اس کے نتیجے میں سالانہ 532 ملین روپے کی ٹیکس چھوٹ دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے:

ایف بی آر نے جڑواں شہروں سے کتنا ٹیکس جمع کیا؟

وزارت تجارت کے حکام کے مطابق حکومت نے 37 ٹیرف لائنز پر 22.5 فیصد، 14 ٹیرف لائنز پر  24 فیصد، 25 ٹیرف لائنز پر  20 فیصد، 16 ٹیرف لائنز پر 15 فیصد، تین ٹیرف لائنز پر 27 فیصد، 29 ٹیرف لائنز پر  13 فیصد اور 38 ٹیرف لائنز پر پانچ فیصد پر کسٹم ، ریگولیٹری اور ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹیاں کم کردیں ہیں۔

ان حکام کا مزید بتانا تھا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی مختلف اشیا جیسا کہ دھاگے،  نائلون کے ملبوسات، ریشم اور اون وغیرہ پر ڈیوٹیاں ختم کردی گئیں ہیں۔

ان ڈیوٹیوں کے ختم کرنے کا مقصد بین الاقوامی مارکیٹ میں ہاتھ سے بنے ہوئے ملبوسات کی برآمد میں اضافہ کرنا اور انکی اچھی قیمت حاصل کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

برطانیہ، یورپی یونین کے مابین تجارتی معاہدہ 15 اکتوبر کو متوقع

اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کا متعدد ٹویٹس میں کہنا تھا کہ ٹیرف لائنز پر ڈیوٹیوں میں کمی وزارت تجارت کی جانب سے کاروباری لاگت میں کمی کے اقدامات کی عکاس ہے۔

انکا کہنا تھا کہ یہ اقدام ہمارے برآمد کنندگان کو زیادہ سے زیادہ عالمی مارکیٹوں میں پہنچنے اور ان میں اپنی مصنوعات کی تعداد بڑھانے میں مدد دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی چمڑے، انجینئرنگ، کیمیکلز، فارما اور خوراک کے شعبہ جات کے لیے بھی اسی طرح کا اقدام اُٹھایا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here