اسلام آباد: وزارت اوورسیز پاکستانیز نے ایک لاکھ ہنرمند کارکنوں کو بھیجنے کے لیے کویت حکومت کو باضابطہ درخواست ارسال کر دی۔
وزارت اوورسیز پاکستانیز کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے سرکاری خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ پاکستان تقریباً ایک لاکھ ہنرمند کارکن کویت بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کا مقصد ترسیلات کو فروغ دینا ہے، اس سلسلے میں باضابطہ درخواست کا جواب آنا ابھی باقی ہے۔
ملک میں ترسیلات زر میں اضافے کے لئے وزارت کی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں افرادی قوت کی زبردست صلاحیت موجود ہے اور حکومت مختلف ممالک میں ہنرمند افرادی قوت کے لئے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کے لئے نئی راہیں تلاش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان اور کویت کے مابین پاکستانی افرادی قوت کی برآمد کو بڑھانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر جلد دستخط کرنے کے لئے بھی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری نے ابوظہبی ڈائیلاگ کے پانچویں وزارتی اجلاس کے موقع پر کویت کے وزیر محنت سے ملاقات کی تھی جس میں پاکستانی کارکنوں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
سینئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ حکومت نے حال ہی میں کویت کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کا مقصد شعبہ صحت سے متعلقہ کارکنوں کو خلیجی ملک بھیجنا ہے۔ کویت نے پہلے ہی ڈاکٹروں، پیرا میڈیکس اور نرسوں سمیت 444 پاکستانی طبی پیشہ ور افراد کی بھرتی کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس ضمن میں میڈیکل سٹاف کو جلد سے جلد کویت بھیجنے کے لئے حتمی شکل دی جا رہی تھی۔ تقریباً 80 طبی پیشہ ور افراد کی تفصیلات کویت کے سفارت خانے میں ویزا کو حتمی شکل دینے کے لئے جمع کرائی گئی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت 300 طبی شعبہ کے ماہر افراد کے ویزا کو حتمی شکل دینے کے منتظر ہیں تاکہ کویت بھیجنے کے لئے خصوصی پرواز کا انتظام کیا جا سکے۔