اسلام آباد:کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ریلیف کے پیش نظردنیا بھر کے مختلف ممالک کی جانب سے پاکستان کو 3.7 ارب ڈالر مالیت کی گرانٹس اور قرضے موصول ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق، اقوامِ متحدہ کی جانب سے 57 ملین ڈالر، امریکہ، جاپان، ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)، چین اور برطانیہ نے باالترتیب 31 ملین ڈالر، 28 ملین ڈالر، سات ملین ڈالر، چار ملین ڈالر اور تین ملین ڈالر کی گرانٹس فراہم کیں۔
دنیا بھر سے دی جانے والی گرانٹس اور قرضوں کی کُل رقم میں سے 73.99 ملین ڈالر متعلقہ حکام اور اداروں کو تقسیم کیے گئے۔
اسی طرح، پاکستان نے صحت سے متعلق منصوبوں کے لیے مختلف ممالک اور عالمی اداروں کی جانب سے قرضے وصول کیے جن میں عالمی بینک نے 500 ملین ڈالر قرض، اے ڈی بی نے 350 ملین ڈالر، اسلامک ڈویلپمنٹ بینک نے 70 ملین ڈالر، اوپیک فنڈ نے 50 ملین ڈالر، اور فرانسیسی ادارے اے ایف جی نے 51 ملین ڈالر قرض دیا۔
دیے گئے کُل قرضوں میں سے 380 ملین ڈالر کی رقم صوبوں کے درمیان مختلف منصوبوں کے لیے تقسیم کی گئی۔
مزید برآں، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے تحت بجٹ سپورٹ کے لیے 1.386 ارب ڈالر، اے ڈی بی نے 500 ملین ڈالر، ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے 750 ملین ڈالر امداد دی۔
پاکستان نے مجموعی طور پر بجٹ سپورٹ کے تحت 2.636 ارب ڈالر کے فنڈز وصول کیے اور یہ تمام فنڈز مختلف منصوبوں کے لیے استعمال کیے گئے، یہ فنڈز سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں وصول کیے گئے جہاں سے یہ رقم متعلقہ اداروں میں تقسیم کی گئی۔
سینیٹ سٹینڈنگ کمیٹی کے چئیرمین نے کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں کووڈ-19 کے دوران حکومت کی جانب سے وصول کردہ عالمی اداروں اور ممالک کی جانب سے میڈیکل آلات اور فنڈز کی تفصیلات متعلقہ حکام کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔