ڈیٹا لیک کرنے پر ایس ای سی پی کے 8 افسران کو شوکاز نوٹسز جاری

شو کاز وصول کرنے والوں میں ادارے کے مارکیٹ سرویلنس ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ارسلان ظفر حجازی سمیت آئی ٹی ونگ اور کمپنیز رجسٹریشن آفس کے اہلکار شامل، سات دن میں جواب دینا ہوگا، انفرادی سماعت کے بعد سزا کا تعین کیا جائے گا۔

581

کراچی : سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ڈیٹا لیک کرنے میں ملوث اپنے 8 ملازمین کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق جن افراد کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ان میں ایس ای سی پی کے مارکیٹ سرویلنس ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ارسلان ظفر حجازی سمیت آئی ٹی ونگ اور کمپنیز رجسٹریشن آفس کے اہلکار شامل ہیں اور انھیں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی تحقیقات کی روشنی میں شو کاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

ادارے کے ڈیٹا لیک کے معاملے پر بنائی گی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی سربراہ سعدیہ خان نے کمیشن کو اپنی رپورٹ میں آٹھ افراد کو متعدد ‘غلطیوں’ کا ذمہ دار ٹھرایا تھا اور ان کے خلاف سخت ایکشن کی سفارش کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے :

ایس ای سی پی نے اپنے ڈیٹا کے غیر محفوظ ہونے کے الزامات رد کردیے

ہم ٹی وی کا ممکنہ ٹیک اوور : سلطانہ صدیقی نے ایس ای سی پی کو تحقیقات کی درخواست دے دی

واضح رہے کہ ایس ای سی پی کے مارکیٹ سرویلنس ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ارسلان ظفر حجازی، جو کہ ادارے کے سابق سربراہ ظفر حجازی کے صاحبزادے ہیں، کے بارے میں یہ بات سامنے آئی تھی  کہ انہوں نے نادرا ریکارڈ کے ذریعے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات اور سی پیک اتھارٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کی معلومات چرائی ہیں۔

اس پر ادارے نے ان کا لیپ ٹاپ قبضے میں لے کر انہیں جبری رخصت پر بھیج دیا تھا مگر اس حوالے سے ذرائع نے پرافٹ اردو کو بتایا کہ ارسلان حجازی نے اپنے لیپ ٹاپ سے ڈیٹا ڈیلیٹ کر دیا تھا اور برطانیہ کے ویزے کے لیے ایس ای سی پی کے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ سے لیٹر بھی حاصل کر لیا تھا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ شوکاز وصول کرنے والے اہلکار 7 دن میں جواب دینے کے پابند ہیں اور ان کے خلاف الزامات کی سماعت کمیشن میں انفرادی طور پر کی جائے گی جس کے بعد ان کی سزاؤں کا تعین کیا جائے گا۔

اُدھر ایس ای سی پی کے ڈیٹا لیک کے معاملے پر ادارے کے چئیرمین عامر خان نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے اور انہیں اس حوالے سے پیشرفت سے آگاہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت ایس ای سی پی کے ایک کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے تحفظات رکھتی ہے اور اس بارے میں جلد ہی کوئی فیصلہ متوقع ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here