لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے موسم سرما کے آغاز میں سموگ پر بروقت قابو پانے کیلئے پنجاب اینٹوں کے بھٹوں کو بند کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب بھر کے اینٹیں بنانے والے بھٹے 7 نومبر سے 31 دسمبر تک بند رہیں گے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق کی درخواست پر تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ درخواست میں سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی تھی۔
عدالت نے تحریری فیصلہ میں کہا ہے کہ بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے ازخود بھٹے بند کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں اور فضائی آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔
عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ سموگ کے تدارک کیلئے اینٹی سموگ ٹاورز لگانے پر مشاورت کی جائے اور اس حوالے سے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے، حکومت سموگ کے تدارک کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔