تہران: زعفران کو دنیا سرخ سونا کہتی ہے اور یہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی طرح مہنگا بھی فروخت ہوتا ہے لیکن دنیا میں سب سے زیادہ زعفران ایران میں کاشت کیا جاتا ہے اور وہی اس کا سب سے بڑا برآمد کنندہ بھی ہے۔
ایران نے رواں سال کے صرف تین ماہ میں ہانک کانگ، سپین، متحدہ عرب امارات، اٹلی، کوریا، سوئیڈن، فرانس اور چین کو سب سے زیادہ زعفران برآمد کرکے دنیا میں پہلی پوزیشن پر جگہ بنا لی۔
ایران نے رواں سال کے ابتدائی تین مہینوں کے دوران 52 سے زائد ممالک کو 37 ہزار 654 کلوگرام زعفران برآمد کیا۔
ایرانی کسٹم ادارے کے ڈائریکٹر سید روح اللہ لطیفی نے بتایا کہ برآمد شدہ زعفران کی مالیت 38 ملین 579 ہزار 816 ڈالر ہے اور سب سے زیادہ یعنی 12 ٹن 734 کلوگرام ہانک کانگ کو برآمد کیا گیا جس کی مالیت 14 ملین 403 ہزار 355 ڈالر ہے۔
اس کے بعد سپین اور متحدہ عرب امارات کی باری آتی ہے جن کو بالترتیب 9 ٹن 198 کلوگرام اور 3 ٹن 485 کلوگرام زعفران برآمد کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں زعفران کی زیر کاشت اراضی کے 122 ہزار ایکڑ میں سے 115 ہزار ایکڑ کا حصہ ایران سے متعلق ہے یعنی ایران میں دنیا کے 94 فیصد کے زعفران کو تیار کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران ایران میں 500 ٹن زعفران کی پیداوار ہوئی اور اس کے 80 فیصد حصے کو بھی بیرون ملک برآمد کیا گیا۔
عالمی مارکیٹ میں ایرانی زعفران کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر ہر سال اس کی کاشت کے رقبہ میں پانچ ہزار ہیکٹر اضافہ ہو رہا ہے۔