ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کا ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون

745

لاہور: محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول (ای ٹی اینڈ این سی) نے گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکسز کے نادہندگان کے خلاف بڑی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، محکمہ یکم اکتوبر تک ٹوکن ٹیکس جمع نہ کروانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کرے گا۔ 

ای ٹی اینڈ این سی کے ذرائع نے نمائندہ پرافٹ اردو کو بتایا کہ محکمہ گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکسز جمع نہ کروانے والوں کے خلاف ایک مہم کا آغاز کر رہا ہے جس کا مقصد شہریوں کو ٹوکن ٹیکسز بروقت جمع کرانے کے قابل بنانا ہے، یہ کارروائی کورونا وائرس سے پہلے بھی کی جارہی تھی۔

تاہم،محکمہ موٹر وہیکل برانچ نےبہت سی حکومتی اور نجی گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکسز کے نادہندگان کی فہرست تیار کر لی ہے۔

ذرائع نے کہا کہ “سڑکوں پر بے شمار ایسی گاڑیاں  ہیں جن کے کئی سالوں سے ٹوکن ٹیکسز جمع ہی نہیں کرائے گئے”، شہریوں کو آگاہ کرنے کے لیے اس حوالے سے شہر بھر میں پارکنگ، مارکیٹوں اور پلازوں میں آگاہی پیغامات آویزاں کیے گئے ہیں، ان پیغامات میں ٹوکن ٹیکسز جمع نہ کروانے کی صورت میں شہریوں کو کارروائی سے متعلق خبردار کیا گیا ہے۔

یہاں یہ بھی بتانا ضروری ہے کہ شہر میں مختلف مقامات پر چیک پوسٹس قائم کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جائیں  گی جو مقررہ تاریخ کے بعد نادہندگان کی گاڑیوں کو قبضے میں لے کر جرمانے عائد کریں گی۔

ای ٹی اینڈ این سی کے ڈائریکٹر ریجن قمر حسن سجاد نے کہا ہے کہ ابھی تک نو لاکھ گاڑیوں کے مالکان نے ٹوکن ٹیکسز جمع نہیں کروائے اور ان کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here