گیس سیس وصولی کی حکومتی کوششوں کو دھچکا، مخالف فریق عدالت پہنچ گیا

حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں گیس انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس کی وصولی دو سالوں میں کرنے کا پلان بنایا تھا جس کے ذریعے اسے ماہانہ 21 ارب روپے حاصل ہونا تھے

606

اسلام آباد : گیس انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس ( جی آئی ڈی سی ) کی مد میں مختلف سیکٹرز سے واجبات کی وصولی کی حکومتی کوششوں کو دھچکا لگا ہے کیونکہ تمام سٹیک ہولڈرز نے ایک بار پھر سپریم کورٹ کا رُخ کر لیا ہے۔

اس تازہ پیشرفت کے بعد حکومت کو تب تک گیس انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس کی وصولی روکنا پڑے گی جب تک عدالت اس معاملے پر کوئی فیصلہ صادر نہیں کر دیتی۔

اس سے پہلے حکومت نے تمام متعلقہ شعبوں سے جی آئی ڈی سی کی وصولی دو ماہ میں کرنے کا منصوبہ بنایا تھا جس کے ذریعے اسے ہر ماہ 21 ارب روپے حاصل ہونے تھے۔

اُدھر سپریم کورٹ نے بھی حکومت کو گیس انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس، جو کہ اب مجموعی طور پر 517 ارب روپے ہو چکا ہے، کی وصولی 24 اقساط کی صورت میں رواں برس یکم اگست سےشروع کرنے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:

سپریم کورٹ، گیس سیس کیس کا فیصلہ سنا دیا ، کمپنیوں کو417 ارب روپے ادائیگی کا حکم

آئندہ موسم سرما میں سندھ کے شدید گیس بحران کی لپیٹ میں آنے کا امکان

سوئی ناردرن کی کراچی تا لاہور گیس پائپ لائن ایک ارب ڈالر میں بچھانے کی پیشکش

مختلف سیکٹرز کے ذمے واجب الادا گیس انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس کی تفصیل کے مطابق فرٹیلائزر سیکٹر نے حکومت کو 195 ارب، پاور سیکٹر نے 76 ارب، بجلی گھروں، صنعتی شعبے اور سی این جی سیکٹر نے حکومت کو 246 ارب روپے ادا کرنے ہیں جو جی آئی ڈی سی کی مد میں گزشتہ دس سال سے ادا نہیں کیے گئے۔

مگر جی آئی ڈی سی کی ادائیگی کے خلاف متعدد شعبہ جات نے پشاور، سندھ اور لاہور ہائی کورٹ سے حکم امتناع حاصل کر رکھے ہیں۔

مزید برآں کچھ صنعتوں نے اس حوالے سے سپریم کورٹ کا بھی رخ کر لیا ہے اور ایک درخواست کے ذریعے عدالت سے جی آئی ڈی سی کے حوالے سے  اس کے  13 اگست کے حکم نامے پر نظر ثانی کی استدعا کی ہے۔

اس کے علاوہ گیس انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس کی وصولی کے عدالتی حکم نامے اور اس ضمن میں حکومتی اقدامات کے پیش نظر فرٹیلائزر سیکٹر کا کہنا ہے کہ جی آئی ڈی سی کی وصولی کی صورت میں اسے کھاد کی قیمت  میں 400 روپے کا اضافہ کرنا پڑے گا جس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔

اُدھر کورونا کے باعث پیدا شدہ حالات کو بنیاد بنا کر  کچھ صنعتوں نے جی آئی ڈی سی کی ادائیگی کی مدت میں اضافے کے لیے حکومت سے بھی رابطے شروع کردیے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here