کراچی : جعلی ہوابازوں کا معاملہ سامنے آنے پر یورپ اور امریکا کی جانب سے پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی کے بعد اسے ایک اور دھچکا لگا ہے۔
مسائل کے بھنور میں پھنسی پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے لیے تازہ بری خبر یہ ہے کہ عراقی حکومت نے عازمین اربعین کو نجف و بغداد لانے کے لیے پی آئی اے کو دی گئی خصوصی اجازت منسوخ کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
جعلی اسناد رکھنے والے 700 سے زائد پی آئی اے ملازمین، ہواباز نوکریوں سے فارغ، غلام سرور خان
ٹرمپ نیویارک میں واقع پی آئی اے کا روز ویلیٹ ہوٹل خریدنا چاہتے ہیں
اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے مسافروں کو اطلاع دی ہے کہ ‘عراقی حکومت نے کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر اربعین کے موقع پر پی آئی اے کو نجف و بغداد کے لیے پروازوں کی خصوصی اجازت معطل کردی ہے۔‘
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’27 ستمبر کی شیڈول اربعین پرواز منسوخ ہو گئی ہے اور مسافر بغیر کسی کٹوتی کے اپنی ٹکٹس ریفنڈ کروا سکتے ہیں۔‘
اربعین کےموقع پر پی آئی اے نے 27 ستمبر سے 5 اکتوبر تک کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے نجف و بغداد کے لیے پروازیں شیڈول کر رکھی تھیں۔