اسلام آباد: افغانستان کو پاکستانی برآمدات میں جاری مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران 77.36 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے لیکر اگست 2020ء تک کی مدت میں افغانستان کو برآمدات سے پاکستان کو 61.25 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 77.36 فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ (جولائی، اگست) میں افغانستان کو پاکستانی برآمدات کا حجم 108.64 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
گزشتہ مالی سال کے دوران افغانستان کو پاکستانی برآمدات کا حجم 888.91 ملین ڈالررہا جبکہ مالی سال 2018-19ء کے دوران افغانستان کو برآمدات سے ملک کو 1.192 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔