سوئی ناردرن کی کراچی تا لاہور گیس پائپ لائن ایک ارب ڈالر میں بچھانے کی پیشکش

گیارہ سو کلومیٹر طویل نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن کی تعمیر کی لاگت روسی کمپنی نے 2.7 ارب ڈالر بتائی تھی مگر سوئی سدرن نے یہ کام ایک ارب ڈالر میں انجام دینے کی پیشکش کردی

941

اسلام آباد: سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے ایک ارب ڈالر کی لاگت سے گیارہ سو کلومیٹر طویل شمال جنوب گیس پائپ لائن بچھانے کے منصوبے پر غور شروع کردیا۔

معاملے سے آگاہ پرافٹ کے ذرائع کا بتانا تھا  12 ستمبر 2020 کوسوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے بورڈ کے سامنے  کراچی تا لاہور گیارہ سو کلومیٹر گیس پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ پیش کیا گیا۔

ذرائع کا مزید بتانا تھا کہ پٹرولیم ڈویژن کے ایڈیشنل سیکرٹری محمد ایوب چودھری نے قومی خزانے کے فائدے اورملکی مفاد کے پیش نظر منصوبےکی حمایت کردی ہے ۔

مزید برآں محمد ایوب چودھری نے اس منصوبے کے ٹھیکے لیے مسابقتی طریقہ کار اختیار کرنے اور اس میں پاکستانی کمپنیوں کو شامل کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ نے قلات میں گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے

ذرائع کا کہنا تھا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہے اور وہ پہلے بھی اسی طرح کا ایک منصوبہ مکمل کرچکی ہے۔

اب سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے پیشکش کی ہے کہ وہ 42 انچ قطر کی نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن ایک ارب ڈالر میں بچھانے کو تیار ہے۔

اس سے پہلے اس پائپ لائن کے بچھانے کی لاگت 2.7 ارب ڈالر بتائی گئی تھی۔

ذرائع کا بتانا تھا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ منصوبے کی ایک ارب ڈالر لاگت کے لیے اپنے منافعے کا پچیس فیصد لگانے کو تیار ہے۔

مزید برآں کمپنی منصوبے کے ٹیکنیکل، قانونی اور مالی معاملات کی ذمہ داری بھی لے گی۔

یہ بھی پڑھیے :

کمپنیاں گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس دو سال میں ادا کر سکتی ہیں: پٹرولیم ڈویژن

ماضی میں نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن کی تعمیرETK نامی روسی کمپنی کی مدد سے 2.7 ارب ڈالر میں کرنے پر غور کیا جارہا تھا مگر یہ کمپنی منصوبے کی تعمیر کےحوالے سے اپنا تجربہ اور  مہارت ثابت کرنے میں ناکام رہی جس پر اسے اس منصوبے کے ٹھیکے کے اُمیدواروں کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔

یہاں یہ بات بتانا بہتر ہوگا کہ منصوبے کی لاگت میں کمی کے لیے پٹرولیم ڈویژن نے اس کے ٹھیکے کے لیے بولیوں کی دعوت دینے پر بھی غور شروع کردیا ہے۔

نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن منصوبہ دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا اور اس کا پہلا مرحلہ دسمبر 2022 تک جبکہ دوسرا مرحلہ دسمبر 2023 میں مکمل کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here