لاہور: وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ امید ہے کہ پاکستان جلد فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکل آئے گا۔
اپنے حلقہ انتخاب میں خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ اقتدار میں آئے تو پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ میں تھا، فیٹف نے پاکستان کو 27 نکاتی ایجنڈا دیا، پی ٹی آئی حکومت نے پہلے سال ہی 14 نکات پرعمل کر لیا، حالیہ قانون سازی گرے لسٹ سے نکلنے کی بنیاد ہے، امید ہے کہ پاکستان جلد فیٹف کی گرے لسٹ سے نکل آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کو درست کرنے کیلئے سخت فیصلے کیے جن کے اچھے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، آنے والے وقت میں فیٹف معاملات میں بھی واضح بہتری آئے گی۔ وزیر اعظم عمران خان پرعزم ہیں کہ مافیاز کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔
حماد اظہر نے کہا کہ ٹیکس محصولات پر توجہ ہے، کورونا سے گزشتہ سال ایک ہزار ارب کا خسارہ تھا، 10 لاکھ ٹن مزید گندم منگوانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ملکی ذخائر بہتر ہوں گے۔