اسلام آباد: ورجن اٹلانٹک ایئر ویز نے پاکستان کیلئے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
ورجن اٹلانٹک ایئر ویز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لاہور سے لندن ہیتھرو ائیرپورٹ، اسلام آباد سے لندن ہیتھرو ائیرپورٹ کے علاوہ اسلام آباد سے مانچسٹر کیلئے پروازیں چلائی جائیں گی۔ 11 دسمبر 2020ء سے شروع ہونے والی اسلام آباد سے مانچسٹر کی پرواز ہفتے میں چار بار سوموار، بدھ، جمعہ، ہفتے کو چلے گی۔
14 دسمبر 2020ء سے لاہور سے لندن ہیتھرو ائیرپورٹ کی پر واز ہفتے میں چار بار سوموار، بدھ، جمعہ اور ہفتے کو چلے گی۔
پاکستان میں ورجن اٹلانٹک ایئر ویز کے کمرشل منیجر لیکس میکیون نے کہا ہے کہ ’ہم پا کستان کیلئے اپنی پروازوں کی بکنگ کھولنے کیلئے پرجوش ہیں، لندن سے لاہور اور اسلام آباد کیلئے ہماری پروازیں بہترین سروس کی حامل ہوں گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ریٹرن ٹکٹ کی قیمت فی مسافر ایک لاکھ 3 ہزار 600 روپے، پریمیم ٹکٹ کی قیمت ایک لاکھ 54 ہزار 500 روپے جبکہ اپر کلاس کا ریٹرن ٹکٹ تین لاکھ 53 ہزار روپے کا ہو گا۔