فٹیف کا اکتوبر میں ہونے والا جائزہ پاکستان کیلئے اچھا ثابت ہو گا، چین

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے چینی سفیر یاﺅ جنگ کی الوداعی ملاقات، مشیر خزانہ نے پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات میں پیش رفت کیلئے چینی سفیر کی خدمات کی تعریف کی

475

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ  و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے پاکستان میں چین کے سفیر یاﺅ جنگ نے الوداعی ملاقات کی۔

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات میں پیش رفت کیلئے چینی سفیر کی خدمات کی تعریف کی۔

انہوں نے پاکستان کیلئے چین کے سفیر اور چینی قیادت کی خدمات کا اعتراف کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے بعد آنے والے چینی سفیر اسی جذبہ کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔

چین کے سفیر نے معاونت فراہم کرنے پر وزیراعظم کے مشیر کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک ایسا منصوبہ ہے جو پوری دنیا کیلئے مثال ہے۔ چین کے سفیر نے کووڈ۔19 وبا میں پاکستان کی حکومت کی طرف سے اختیارکردہ حکمت عملی کی تعریف کی اور کہا کہ دنیا اس ضمن میں پاکستان کے تجربات سے سیکھ سکتی ہے۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اکتوبر میں ہونے والا جائزہ پاکستان کیلئے اچھا ثابت ہو گا۔ وزیراعظم کے مشیر نے بیش قیمت خدمات کے اعتراف میں وزارت خزانہ کی طرف سے یادگاری شیلڈ پیش کی اور کہا کہ نئے آنے والے چینی سفیر کا اسی جذبہ سے خیرمقدم کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here