زیورات و جواہرات سیکٹر کی ترقی کے لیے ٹاسک فورس نے کام کا آغاز کردیا

ماہرین پر مشتمل ٹاسک فورس کو ملک میں زیورات و جواہرات کے شعبے کے مسائل دور کرنے، امکانات سے فائدہ اُٹھانے اور مسائل دور کرنے بارے سفارشات تیارکرنے کا کام دیا گیا ہے

638

 اسلام آباد: وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے زیورات و جواہرات نے کام کا آغاز کردیا جس کا پہلا اجلاس انجینئر گل اصغر خان کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت کے پٹرولیم ہاؤس میں منعقد ہوا۔

یہ  ٹاسک فورس زیورات اور جواہرات کی صنعت سے وابستہ ممتاز ماہرین، سی ای او ایکوا جیمز ذیشان خان، فوکل پرسن سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل عاطف اقبال، ڈی جی پٹرولیم ڈویژن، قیمتی پتھروں سے مالا مال صوبوں کے مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹریوں، زیورات کے تاجروں، وزارت صنعت و تجارت، سٹیٹ بنک آف پاکستان، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، سرمایہ کاری بورڈ اور کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی پر مشتمل ہے۔

اس ٹاسک فورس کو ملک میں زیورات اور جواہرات کے شعبے کو سہولیات کی فراہمی کا  مینڈیٹ دیا گیا ہے اور اس کے پہلے اجلاس میں چئیرمین انجینئر گل اصغر نے ملک میں زیورات اور جواہرات کے شعبے کی صلاحیت، امکانات، اس کو درپیش مسائل، اس شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات اور اس کو درکار توجہ پر روشنی ڈالی۔

مزید برآں انہوں نے وزیراعظم کے اس شعبے کی برآمدات کو بڑھانے کے عزم کا ذکر بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیے:

پاکستانی معیشت پر دنیا کا اعتماد بحال، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 2 ماہ میں 40 فیصد اضافہ

پاکستان کون سے پانچ شعبوں کو براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے اولین ترجیح دے رہا ہے؟

اجلاس میں ٹاسک فورس نے ملک میں زیورات اور جواہرات کے شعبے میں سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے اور وفاقی دارالحکومت میں جیم سٹی کے قیام کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے بارے غور کیا۔

ٹاسک فورس کے شرکا میں شامل تاجر حضرات نے جیم سٹونز کی ای کامرس کو بڑھانےاور اس کو ریگیولیٹ کرنے کی ضرورت کا اظہار کیا۔

مزید برآں انہوں نے حکومت کی جانب سے اس شعبے کے مسائل اور امکانات پر غور کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کے اقدام کو سراہا۔

زیورات اور جواہرات کے شعبے سے متعلق قائم کی گئی ٹاسک فورس ساٹھ دن میں اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here