اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔
ترجمان ایف بی آر نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ تنخواہ دار ٹیکس گزاروں کی ٹیکسوں کی ادائیگی سے متعلق آن لائن پورٹل تک آسان رسائی کے لئے ایف بی آر کی ویب سائٹ پر آن لائن فائلنگ سروسز کے نام سے خصوصی لنک فراہم کردیا ہے۔
تنخواہ دار ٹیکس گزاروں کے لئے نیا گوشوارہ فارم آسان فہم اور سادہ بنایا گیا ہے، گوشوارے کو آسان بنانے کے لئے موبائل ایپس کی طرح خود کار رہنمائی کے حامل وزرڈ بیسڈ انٹرفیس کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے ذریعے تمام معلومات کا مرحلہ وار اندراج کیا جا سکتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ نئی خصوصیات کے ساتھ ٹیکس آسان موبائل ایپ کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ ریٹرن فائل کرنے کے لئے ٹیکس گزار ایف بی آر کی ویب سائٹ پر معلوماتی ویڈیو سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹیکس سال 2020ء کے لئے آن لائن انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کے فارم پہلے سے اپ لوڈ ہیں، تنخواہ داروں اور چھوٹے تاجروں کے لئے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنا مزید آسان اور سادہ کر دیا گیا ہے۔ چھوٹے تاجروں کو گوشوارے داخل کرنے لئے اب صرف ایک صفحہ پر بنیادی معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔
ایف بی آر کے مطابق ایک کروڑ تک ٹرن اوور والے تاجروں کے لئے نہایت سادہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کا فارم مرتب کیا گیا ہے۔ ویلتھ سٹیٹمنٹ فارم کو بھی نہایت آسان طریقہ سے داخل کیا جا سکتا ہے۔ انکم ٹیکس گوشوارے نہایت آسانی کے ساتھ سمارٹ فون کے ذریعے بھی داخل کئے جا سکتے ہیں۔