اسلام آباد: ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2020-2021 کے پہلے ماہ (جولائی) کے دوران پاکستان کی تمباکو کی برآمدات میں 137.53 فیصد سے 2.171 ملین ڈالر اضافہ ہوا، یہ برآمدات گزشتہ زیرجائزہ عرصے کے دوران 0.914 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔
نیشنل پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے تمباکو کے کسانوں اور ملازمین نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا فی تمباکو کی فصل پر سے 500 کلوگرام ایڈوانس ٹیکس واپس لینے کے لیے مذکورہ کسانوں کی مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا، جس کے نتیجے میں جاری مالی سال کے پہلے مہینے کے دوران مذکورہ فصل کی برآمدات میں 137.53 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
کسانوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی مشکلات کے بارے میں اسد قیصر کو بتایا تھا، کسانوں کو تمباکو کے پودوں پر ایڈوانس ٹیکس میں مشکل کا سامنا تھا جو کسانوں اور انڈسٹری کے لیے نقصان کا باعث بن رہی تھی۔ سپیکر اسد قیصر نے بجٹ سے پہلے ایڈوانس ٹیکس کے مسئلے کو وفاقی بورڈ برائے ریونیو(ایف بی آر) کے ساتھ اٹھایا تھا، جس کے بعد انڈسٹری اور کسانوں کے لیے تمباکو کی فی کلو فصل پر 500 روپے ایڈوانس ٹیکس ختم کر دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ حجم کے اعتبار سے تمباکو کی برآمدات میں 151.87 فیصد اضافہ ہوا جو 268 میٹرک ٹن سے بڑھ کر 675 میٹرک ٹن ہوگئی ہے۔
کسانوں نے کہا کہ انہوں نے ملکی تمباکو کی برآمدات میں اضافہ کرنے کا اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے، پاکستان معیاری تمباکو کی فصل پیدا کر رہا ہے ، ملک کی برآمدات کے بڑے امکانات ہیں، پاکستان کو تمباکو کی برآمدات سے بھاری غیرملکی زرِمبادلہ حاصل ہو سکتا ہے، جس سے متعلقہ شعبے میں نوجوانوں کے لیے مزید روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
کسانوں نے عالمی تمباکو کی کمپنیوں کو اپنے ملازمین بحال کرنے کی درخواست کی، جیسا کہ انہوں نے رواں سال بھاری مقدار میں مذکورہ مصنوعات کی خریداری کی ہے۔
یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ سپیکر اسد قیصر قومی اسمبلی کی ایگریکلچرل مصنوعات پر بنائی گئی خصوصی کمیٹی کی سربراہی کر رہے ہیں، جس کا مقصد متوازن پالیسیاں تشکیل دے کر زرعی شعبے کی ترقی کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کی آمدن میں بھی اضافہ کر سکے۔