لاہور: پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی سی ایم اے) کے چئیرمین ابرار احمد نے چین اور بھارت کی طرز پر پاکستان میں بھی کیمیکل انڈسٹری کی ترقی کے لیے حکومت سے کیمیکلز سے متعلق وزارت قائم کرنے کی درخواست کی ہے۔
لاہور میں پی سی ایس آئی آر ہاؤسنگ سوسائٹی فیز2 کے نئے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احمد نے کہا کہ چین نے کیمیکل وزارت قائم کرنے کے بعد کیمیکل انڈسٹری کے میدان میں ترقی کی۔
انہوں نے کہا کہ “کیمیکل انڈسٹری وہ بنیادی صنعت ہے جو تمام صنعتی شعبوں کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی ہے”۔
ابرار احمد نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی صنعت شمار ہونے والی ٹیکسٹائل انڈسٹری بھی کیمیکل انڈسٹری پر انحصار کرتی ہے، پیداوار کے لیے مختلف کیمیکلز بھاری زرِمبادلہ خرچ کرتے ہوئے درآمد کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے مشاہدہ کیا کہ پاکستان میں کیمیکل انڈسٹری کے قیام سے 5 ارب ڈالر سے بھی زائد زرِ مبادلہ کو بچایا جا سکتا ہے۔ اسکے علاوہ، انہوں نے حکومت سے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیمیکل انڈسٹری میں ترقیاتی پالیسیاں بنانے کی درخواست کی۔
چئیرمین پی سی ایم اے نے اراکین کو مزید بتایا کہ حکومتی اتھارٹیز کے ساتھ انکے اجلاس مثبت نتائج لائے، حکومت نے ملک میں کیمیکل مینوفیکچرنگ کی ترقی معاونت کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
انہوں نے پاکستان میں کیمیکل منسٹری کے قیام کے لیے سٹیک ہولڈرز سے متحد ہونے کی درخواست کرتے حکومتی غوروخوض کے لیے ٹھوس تجاویز بنانے کا مشورہ دیا۔
اس سے قبل، پی سی ایم اے کے سیکرٹری جنرل اقبال کدوائی نے بتایا کہ پی سی ایم اے کا گزشتہ آفس جیل روڈ پر ایڈن ہائٹس میں واقع تھا، جو دفتر آنے والے اراکین کے لیے بہت چھوٹا اور پارکنگ مسائل کا بھی باعث تھا۔
اراکین نے بہتر جگہ پر نئے دفتر کے قیام سے متعلق اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اجلاس میں شمولیت کے لیے معمول کے مطابق دفتر کا دورہ کرتے رہیں گے۔