پشاور: سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کی ایگزیکٹو کمیٹی 2020-2021 کے الیکشن میں بزنس مین فورم کے 11 ارکان بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔
سرحد چیمبر میں ملک نیاز احمد کی زیرِصدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا جہاں الیکشن کمیشن نے ایس سی سی آئی کی تشکیل کے لیے 2020-2021 کے الیکشن نتائج کا اعلان کیا۔
تفصیلات کے مطابق، پانچ ارکان کارپوریٹ گروپ کی خالی نشستوں، پانچ ارکان ایسوسی ایٹ گروپ کی خالی نشستوں اور ایک خواتین کی ریزرو نشست پر امیدوار منتخب ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ایس سی سی آئی کے آئندہ سال کی مدت کے لیے کارپوریٹ گروپ کی پانچ خالی نشستوں کے خلاف 13 امیدواروں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ملک محسن سجاد، زرق خان، منظور الٰہی، فضل مقیم اور احمد مصطفیٰ بلا مقابلہ ایگزیکٹو ممبران منتخب ہوئے۔
اسی طرح، الیکشن کمیشن نے ایسوسی ایٹ گروپ کی مزید پانچ نشستوں کا اعلان کیا، چیمبر کے آئندہ سال کے لیے ایگزیکٹو ممبران کی دوڑ میں 20 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی واپس لیے، جس کے بعد ایسوسی ایٹ گروپ کے وقار احمد، محمد طارق، محمد فاروق، ظہور خان اور اورنگزیب بلا مقابلہ ایگزیکٹو ممبران منتخب ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق عافیہ ولایت شاہ کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار نے کاغذاتِ نامزدگی جمع نہیں کرائے، اس لیے وہ خواتین کی ریزرو نشست کے لیے بلا مقابلہ ایگزیکٹو ممبر منتخب ہوگئی ہیں۔