اسلام آباد: ملک میں زرعی ٹریکٹروں کی فروخت میں جاری مالی سال کے ابتدائی دوماہ (جولائی اور اگست) میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 14.60 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی اور اگست 2020ء میں ملک میں 6680 یونٹ زرعی ٹریکٹروں کی پیداوار اور6457 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی عرصہ (جولائی تا اگست 2019) کے مقابلہ میں 14.60 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں ملک میں 5573 یونٹس زرعی ٹریکٹروں کی پیداوار اور5634 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
اعدادوشمار کے مطابق اگست 2020ء میں ملک میں زرعی ٹریکٹروں کی پیداوار اور فروخت میں 11.74 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اگست 2020ء میں ملک میں 3355 یونٹس زرعی ٹریکٹروں کی پیداوار اور 2844 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔
اگست 2019ء میں ملک میں 2762 یونٹ زرعی ٹریکٹروں کی پیداوار اور 2545 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ ان میں فئیٹ، میسی فرگوسن اور اورئینٹ آئی ایم ٹی کے ٹریکٹرز شامل ہیں۔
جاری مالی سال میں میسی فرگوسن کی پیداوار 4433 یونٹس جبکہ فروخت 4410 یونٹس رہی، فئیٹ کی پیداوار 2236 یونٹس اور فروخت 2034 یونٹس رہی، اسی طرح اورئنٹ آئی ایم ٹی کی پیداوار 11 یونٹس جبکہ فروخت 13 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔