اسلام آباد: پاکستان کے موبائل اکاﺅنٹ جاز کیش کے ماہانہ صارفین کی تعداد 90 لاکھ ہو گئی، جازکیش کی تاریخ میں 10 لاکھ صارفین کا یہ اضافہ ایک ماہ کے عرصہ میں ہونے والا سب سے تیز رفتاراضافہ ہے۔
جاز کیش کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایروان جیلبرٹ (Erwan Gelebart) کہتے ہیں کہ ’ہم اپنے صارفین کے شکر گزار ہیں جن کے اعتماد کی بدولت کورونا جیسی عالمی وباء کے باوجود جازکیش اکاونٹ کی مقبولیت بڑھی ہے اور جاز کیش، ڈیجیٹل فنانشل سروسز فراہمی کا قابل اعتماد پلیٹ فارم بن گیا ہے۔‘
جازکیش کے ذریعے روزانہ سات ارب روپے کا لین دین ہوتا ہے، ٹرانزیکشنز کی تعداد میں سالانہ 50 فیصد جبکہ مجموعی لین دین میں گزشتہ سال کی نسبت 60 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔
مستند ڈیجیٹل سروسز اور صارفین کے ساتھ بہتر روابط کی وجہ سے گزشتہ 9 ماہ کے عرصہ میں 80 لاکھ ڈاﺅن لوڈز کی بدولت جازکیش کی سمارٹ فون ایپلی کیشن کے استعمال میں 88 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
جاز کیش کے تحت فری لانسرز کو ترسیلات زر کی سہولت دیتے ہوئے اب تک ایک لاکھ فری لانسرزکو دو ارب روپے کی ادائیگی یقینی بنائی جا چکی ہے۔
ڈیجیٹل طریقے سے فراہم کردہ متعدد معاشی خدمات کی بدولت جاز کیش سرکاری وصولیوں میں بھی اضافہ کر رہا ہے۔ ای پے (ePay) پنجاب کے ساتھ انضمام کے صرف پانچ ماہ کے دوران جازکیش نے سات لاکھ سے زائد ٹرانزیکشنز کی مدد سے 80 کروڑ روپے کا لین دین کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس وقت جازکیش پنجاب میں حکومت کے لئے ٹیکس کی آن لائن وصولی کا بڑا پلیٹ فارم بن چکا ہے۔
جاز کیشن ملک بھر میں موجود 45 ہزار سے زائد مرچنٹس کی بدولت ڈیجیٹل ذرائع سے ادائیگی کو فروغ دے رہا ہے، ان میں صارفین سے جازکیش کے ذریعے رقوم وصول کرنے والے ریٹیل اور آن لائن دونوں اقسام کے مرچنٹس شامل ہیں۔
ٹریفک چالان، ٹکٹوں کی خریداری، سکول فیس کی ادائیگی، یوٹیلٹی بلز اور ڈیجیٹل قرضہ جات وغیرہ جیسی بہترین سروسز کی بدولت اپنے کسٹمرز کی معاشی ضروریات کو پورا کرنا جاز کیش کی اولین ترجیح ہے۔
سی ای او جازکیش ایروان جیلبرٹ کے مطابق اس وقت نقد رقم پاس رکھے بغیر ادائیگی کو یقینی بنانا معاشرے کی ضرورت بن چکا ہے، ایسے میں ہر ماہ 90 لاکھ افراد جازکیش پر بھروسہ کر رہے ہیں۔
انہوںنے کہا ’ترقی کی اس رفتار کو مزید فروغ دینے کے لئے ہم بڑے اداروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروباری شراکت داروں کو بھی جاز کیش کا حصہ بنا رہے ہیں۔ جازکیش کے ذریعے فوری قرضے اور ادائیگیوں میں سہولت دینے کے ساتھ ہم اپنی مصنوعات کا معیار بھی بہتر بنا رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ جازکیش کی مدد سے پاکستانی عوام کو ڈیجیٹل طریقے سے رقوم ادائیگی میں معاونت فراہم کرنا اور اپنے صارفین کا معاشی استحکام ہمارا اہم مقصد ہے۔