کراچی: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے 40 ارب روپے حوالہ اور ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک بھیجنے میں ملوث گاڑیوں کے 20 درآمدکنندگان کی فہرست مرتب کر لی۔
ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ درآمد کنندگان پرانی کاریں درآمد کرتے ہیں تاہم ان میں سے کسی کے پاس بھی ٹرانزیکشنز کا قانونی ریکارڈ موجود نہیں۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کار ڈیلرز نے گزشتہ سات سال سے زائد عرصے کے دوران غیرقانونی چینلز کے ذریعے مجموعی طور پر 40 ارب روپے بیرونِ ملک بھیجے، ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اہم کاروباری شخصیات نے حوالہ اور ہنڈی کے ذرائع استعمال کرتے ہوئے اربوں روپے کی رقوم بیرونِ ملک بھیجیں۔
ذرائع نے یہ بھی تصدیق کی کہ غیرقانونی چینلز کے ذریعے کی جانے والی زیادہ تر ٹرانزیکشنز پاکستان سے باہر خالد سولنگی گروپ کو بھیجی گئیں، ایف آئی اے نے سولنگی کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حوالہ اور ہنڈی میں ملوث گرفتار ملزمان سے تفتیش کا دائرہ کار مزید وسیع کیا گیا ہے، کئی پاکستانی حوالہ اور ہنڈی کے ذریعے بیرونِ ملک منتقل کی گئی رقوم سے جائیدادیں خرید رہے ہیں۔
ایف آئی اے کی ٹیم نے کراچی کے علاقے گلزارِ ہجری میں چھاپہ مارا جس میں مبینہ طور پر حوالہ اور ہنڈی کی سرگرمیوں میں ملوث نقاش نامی شخص کو گرفتار کیا گیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے زون سندھ منیر احمد شیخ نے کہا کہ چھاپے کے دوران ملزم کے گھر سے 20 لاکھ 72 ہزار روپوں سمیت غیرملکی کرنسی بھی برآمد ہوئی۔