کیا روس کورونا وائرس کی ویکسین تیار کر چکا ہے؟

1098

ماسکو: روس نے کورونا وائرس سے بچائو کیلئے تیار ویکسین کی پہلی کھیپ ملک کے مختلف خطوں میں تقسیم کے لئے بھیج دی۔

روس کی وزارت صحت کے بیان کے مطابق روسی قومی وبائی تحقیقی مرکز گیمیلیا کے ذریعہ تیار یہ ویکسین جس کا نام ’سپوتنک -5‘ رکھا گیا ہے، روس کے مختلف علاقوں میں بھیج دی گئی ہے۔ اس سے ملک میں ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔

یہ ویکسین پہلے اُن لوگوں کو لگائی جائے گی جنہیں کورونا سے زیادہ خطرہ ہے۔ روس دنیا میں پہلا ملک بن گیا ہے جس نے 11 اگست کو کوڈ۔19 ویکسین کی منظوری دی تھی، یہ ویکسین اگلے سال یکم جنوری سے عام عوام کو دستیاب ہو گی۔

روس کے گیمیلیا ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور وزارت دفاع کے ذریعہ مشترکہ طور سے تیار ’اسپوتنک -5‘ کے نام سے جانی جانے والی کورونا ویکسین سب سے پہلے کورونا متاثرین کے علاج میں مصروف طبی سٹاف کو دی جائے گی۔ یہ ویکسین ’رشین انویسٹمنٹ فنڈ‘ ( آر ڈی آئی ایف) کے ذریعہ تیار کی گئی ہے۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ روس سمیت 30 سے زیادہ ممالک میں کورونا ویکسین کے کلینکل ٹرائل جاری ہیں اور یہ نہایت حوصلہ افز اہے۔

روس میں ڈبلیو ایچ او کی ترجمان ملیٹا وجنووک نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت روسی سائنسدانوں اور حکام کے ساتھ مسلسل بات چیت کر رہا ہے اور روسی ویکسین کے آزمائشی نتائج سے بہت پر جوش بھی ہے۔

ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی قیادت میں کورونا وائرس کی ویکسین اور اس کے علاج کیلئے میڈیکل سائنس کی ترویج کیلئے ”ایکسس ٹو کووڈ۔ 19 ٹولز (اے سی ٹی) ایکسیلیریٹر” نامی عالمی مہم کے لئے جلد فنڈ اکٹھا کرنے کی اپیل کی ہے۔

سیکریٹری جنرل نے عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو پہلے کی طرح متحرک، فعال اور خوشحال بنانے کے لئے ہمیں کووڈ۔19 جیسے عالمی مسئلے کا حال نکالنا ہو گا جس کے لئے بڑے پیمانے پر ہمیں فنڈ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک اس میں 3 ارب ڈالر کا تعاون کیا گیا ہے جو اس مہم کو شروع کرنے کیلئے انتہائی ضروری ہے تاہم ہمیں اسے کامیاب بنانے کے لئے 35 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ تین ماہ کے اندر اس عالمی مہم کیلئے 15 ارب ڈالر جمع کرنے ہوں گے جس سے ویکسین اور علاج معالجے پر تحقیقی کام کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here