لاہور: پنجاب حکومت نے احساس پروگرام کے تحت صوبے میں سوا 53 ارب روپے کے ”نئی زندگی“ اور ”ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ“ کا آغازکر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب احساس پروگرام کے تحت ”نئی زندگی“ اور”پنجاب ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ“کا اجراء ریاست مدینہ کے خواب کی عملی تعبیر کیلئے پہلا قدم ہے، احساس ہی انسانیت ہے اور انسانیت ہمیں ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست کے قیام کی ضرورت کا احساس دلاتی ہے جہاں ہر فرد کو بلاامتیاز تمام تر سہولیات میسر ہوں اور نادار، مظلوم اور مستحق طبقے کی داد رسی ہو-
انہوں نے کہا کہ ماضی میں جائز حقوق سے محروم طبقات کے احساسات کو مجروح اور ضروریات کو نظرانداز کیا جاتا رہا، محروم طبقات کے مساوی حقوق اور ضروریات کی ادائیگی اور معاشرے میں ان کی سربلندی کا وقت آ گیا ہے- ”نئی زندگی“ پروگرام کے تحت تیزاب گردی کا شکار مرد و خواتین کا علاج اور بحالی شامل ہے، تیزاب گردی کے شکار افراد کے سماجی حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور انہیں باوقار زندگی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے، تیزاب سے متاثرہ افراد کا سرکاری خرچ پر مکمل علاج کرایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور کے جناح اور میو ہسپتال، بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال، نشتر ہسپتال ملتان، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد اور ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں جدید ترین برن یونٹ قائم ہو چکے ہیں، متاثرہ افراد کے لئے ہنرمندی اور خود روزگار کیلئے بلاسود قرضوں کا اہتمام کیا جائے گا، ابتدائی طورپر نئی زندگی پروگرام کیلئے 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں-
انہوں نے کہا کہ پنجاب ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ اپنی نوعیت کا بہترین اور منفرد منصوبہ ہے، پنجاب کے 11 پسماندہ اضلاع میں عوام کو صحت اور تعلیم کی بہترین سہولتیں اور معاشی ترقی کے مواقع دیں گے، پہلے مرحلے میں مظفرگڑھ اور بہاولپور، دوسرے مرحلے میں راجن پور، ڈی جی خان، رحیم یار خان، بھکر اور میانوالی جبکہ تیسرے مرحلے میں بہاولنگر، لودھراں، لیہ اور خوشاب میں ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا۔
پنجاب میں 166 بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کی جائے گی، 17 بنیادی مراکز صحت کو بی ایچ یو پلس میں اپ گریڈ کیا جائے گا، مراکز صحت میں 24 گھنٹے ہیلتھ سروسز کیلئے 1148 اضافی سٹاف ممبرز تعینات ہوں گے، 669 مراکز صحت میں الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ (EMR ) شروع کیا جائے گا، 5 لاکھ 64 ہزار افراد کے لئے مشروط کیش ٹرانسفر پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے-ا
نہوں نے کہا کہ نادار خواتین کو بچوں کے پیدائش کے دو سال بعد تک 16 ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی، پنجاب کے 9 اضلاع میں ویسٹ مینجمنٹ سسٹم لائیں گے، ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے تحت غریب اور نادار خاندانوں کے معاشی مسائل حل کرنے پر بھی توجہ دی گئی ہے
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کے تحت صوبہ بھر کے 3400 سکولوں کے کلاس رومز کو اپ گریڈ کیا جائے گا- 2800 ہیڈ ٹیچرز کو لیڈرشپ کی بھی ٹریننگ دی جائے گی، اساتذہ کو چھوٹے بچوں کو پڑھانے کے لئے خصوصی طور پر ٹرینڈ کیا جائے گا اور ان بچوں میں مطالعہ کی عادت پختہ کرنے کے لئے ریڈنگ کارنر بھی قائم کئے جائیں گے۔