اسلام آباد: وفاقی حکومت نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کو سپشل اکنامک زون (ایس ای زیڈ) کی حیثیت دے دی۔
سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ فارینہ مظہر نے بحیثت سیکرٹری بورڈ آف اپروول نوٹی فیکشن جاری کردیا۔ سرمایہ کاری بورڈ نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی اور بوستان ایس ای زیز میں پلاٹوں کی فروخت کی بھی اجازت دے دی ہے۔
سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اِن سپیشل زونز میں مراعات کی فراہمی اور قوانین پر عمل درآمد کیلئے الگ الگ ایس ای زیڈز کمیٹیوں کو چارٹر دے دیا گیا ہے۔
وزیر مملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف بخاری نے ایس ای زیز پیش رفت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک صنعتی تعاون کے نتیجے میں فراہم مواقع سے استفادہ کرنا چاہئے اور سی پیک کے دوسرے مرحلہ میں نجی شعبہ کو آگے آکر قائدانہ کردار ادا کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ نئے سپشل اکنامک زونز کے قیام سے سرمایہ کاری، جامع معاشی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور برآمدات میں اضافہ جیسے صنعت کاری کے اہداف کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ خصوصی زونز میں گیس اور بجلی کی فراہمی کے لئے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں تاکہ نئے زونز کی ترقی کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔
2800 ایکڑ رقبہ پر محیط علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد کو فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی قائم کر رہی ہے۔ یہاں ٹیکسٹائل انجینئرنگ، بجلی اور الیکٹرانکس، کیمیکل پینٹ، زراعت اور فوڈ پروسیسنگ، سٹیل اور پیکیجنگ کے شعبوں میں صنعتیں قائم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس زون سے مقامی آبادی کے لئے دو لاکھ 49 ہزار 477 براہ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے جبکہ زون میں 357 ارب روپے کی ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا تخمینہ بھی لگایا گیا ہے۔