لاہور: لاہور چیمبر آف کامرس انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے صدر عرفان اقبال شیخ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر چین سٹورز ایسوسی ایشن کے ساتھ مشاورت کر کے ٹرن اوور ٹیکس اور وِد ہولڈنگ ٹیکس کی شرح کا تعین کرے۔
وہ چین سٹور ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد سے خطاب کررہے تھے، عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ سال کے شروع میں چین سٹور ایسوسی ایشن اور ایف بی آر کے درمیان ایم او یو پر دستخط کئے گئے جس کے مطابق وفاقی بجٹ 2020-21 میں اِن ٹیکسوں کی نئی شرح کا تعین کیا جانا تھا لیکن ابھی تک اس سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔
صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ ایف بی آر نے اتفاق کیا تھا کہ کوئی آڈٹ بھی گزشتہ سیلز اور موجودہ سیلز کے فرق کی بنیاد پر نہیں کیا جائے گا اور اس بنیاد پر کوئی نیا مطالبہ نہیں اٹھایا جائے گا، اسی طرح گزشتہ سال کی انوینٹری، سٹاک اور سرمایہ جو کے ڈیکلیئرڈ ہو گا اس پر کسی قسم کی نئے اعتراضات نہیں اٹھائے جائیں گے، اگر ان کو پہلے سے ہی ڈیکلئیر کیا گیا ہو گا۔
اسی طرح وہ ریٹیلرز جو پوائنٹ آف سیلز میں شامل ہوں گے کو آڈٹ کے لئے پالیسی میں آسانی اور سسٹم بیسڈ آڈٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
چین سٹور ایسوسی ایشن کے وفد کے ارکان نے کہا کہ سپر سٹورز کے لئے ایف بی آر کی جانب سے ٹرن اوور ٹیکس 1.5 فیصد مقرر کیا گیا ہے جو کافی زیادہ ہے چونکہ درجہ دو م کے ریٹیلرز کے لئے ٹرن اوور ٹیکس 0.5 فیصد ہے لہٰذا سپر سٹورز کے لئے بھی ٹرن اوور ٹیکس 0.5 فیصد ہی ہونا چاہئیے۔
انہوں نے کہا کہ سپر مارکیٹس رجسٹرڈ ڈسٹری بیوٹرز کا 2.5 فیصد سے 4.5 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کاٹتے ہیں جبکہ نان رجسٹرڈ ڈسٹری بیوٹرز کے لئے ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے 9 فیصد تک ہے۔
اِن کا کہنا تھا کہ اگر کوئی رجسٹرڈ ہے اوراس کی آمدنی ٹیکس 0.25 فیصد ہے تو وہ اِس کی ٹیکس کی شرح 2.5 فیصد کیسے ادا کر سکتا ہے جو کے غیر حقیقت پسندانہ عمل ہے، ودہولڈنگ ٹیکس اور ٹرن اوور ٹیکس کو 0.25 فیصد ہونا چاہیئے.
انہوں نے مزید کہا کہ سپر مارکیٹوں میں جی ایس ٹی کی شرح بھی 12 فیصد ہونی چاہئے جیسا کہ اپیرل انڈسٹری کے لئے تفویض ہے اور یہ ان تمام کے لئے ہونا چاہئے جو پی او ایس کے سسٹم میں شامل ہوں۔
عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ حکومت غیر رجسٹرڈ ڈسٹری بیوشن چینلز کو بھی رجسٹرڈ کرے تاکہ ان سے اِن پٹ ٹیکس وصول کر کے سسٹم میں شامل کیا جا سکے۔