اسلام آباد: رواں مالی سال 2020ء کی پہلی ششماہی کے دوران نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کے منافع میں 36.8 فیصد اضافہ ہوا۔
نیشنل بینک کے مالیاتی نتائج کے مطابق جنوری تا جون 2020ء کے دوران بینک کو 15.2 ارب روپے کی آمدنی ہوئی جو بینکنگ انڈسٹری میں سب سے زیادہ آمدن ہے۔
جنوری تا جون 2019ء کے مقابلہ میں نیشنل بینک آف پاکستان نے رواں سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 36.8 فیصد یعنی 4.1 ارب روپے زیادہ منافع حاصل کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بینک کے خالص اثاثہ جات 26.4 ارب اضافے سے 259 ارب روپے تک بڑھ گئے جبکہ دسمبر 2019ء کے اختتام پر خالص اثاثوں کی مالیت 232.6 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔
جنوری تا جون 2020ء کے دوران نیشنل بینک آف پاکستان مجموعی مارک اَپ/ انٹرسٹ انکم کی مد میں 145.3 ارب روپے کمائے ہیں جو جنوری تا جون 2019ء کے مقابلہ میں 49 فیصد زائد رہی ہے۔ اس دوران این بی پی نے 977 ارب روپے کمائے تھے۔
سال رواں کی پہلی ششماہی کے دوران بینک کے اثاثہ جات مجموعی طور پر 2428.1 ارب روپے تک بڑ ھ گئے ہیں جبکہ سال 2019ء کے اسی عرصہ کے دوران اثاثوں کی مالیت 1931.5 ارب روپے تھی۔
جنوری تا جون 2020ء کے دوران بینک کی سرمایہ کاری 1403.7 ارب روپے رہی اور انٹرنیٹ مارک اپ کی مد میں 85.4 ارب روپے آمدنی ہوئی جو سال 2019ء کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 92.2 فیصد زیادہ رہی ہے۔
اسی طرح این بی پی کی جانب سے قرضوں کی فراہمی میں 6.6 فیصد اضافہ ہوا اور جون 2019ء کے اختتام پر قرضوں کا حجم 911.3 ارب روپے رہا جو رواں سال کی پہلی ششماہی میں 971.1 ارب روپے تک بڑھ گیا اور اس پر بینک کو 57.6 ارب روپے آمدنی ہوئی ہے جو گزشتہ سا ل کی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں 18.7 فیصد زیادہ رہی ہے۔