یورو فائیو پٹرول کی فروخت شروع، یورو فائیو ڈیزل درآمد کرنے کا بھی اعلان

کوہاٹ میں پی ایس او کے بند آئل ڈپو کی کی بحالی کیلئے 100 ارب روپے کے فنڈز کی ضرورت، ای سی سی کی منظوری بھی درکار

489

اسلام آباد: پٹرولیم ڈویژن  نے کہا ہے کہ ملک میں یورو فائیو پٹرول کی فروخت شروع ہو گئی ہے جبکہ  یورو فائیو ڈیزل کی درآمد کا آغاز اگلے سال جنوری میں ہو گا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کا اجلاس سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پٹرولیم ڈویژن کے حکام نے بتایا کہ ای سی سی نے فیصلہ کیا تھا کہ ڈیزل اور پٹرول کی تمام درآمدات اب یورو فائیو معیار کی ہوں گی جس پر کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں حکومتی فیصلے کو سراہتے ہیں۔

کوہاٹ میں پی ایس او کے آئل ڈپو کی بندش کے متعلق کمیٹی کو بتایا گیا کہ اس کی بحالی کے لئے تقریباً 100 ارب روپے درکار ہوں گے اور یہ کام ای سی سی کی منظوری کے بغیر نہیں ہو سکتا۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ منصوبے پر کام شروع کرنے سے پہلے اس کے معاشی مضمرات کا بھی جائزہ لیا جائے۔

ہزارہ ڈویژن کے مختلف دیہات کو گیس کی فراہمی کے حوالے سے پٹرولیم ڈویژن حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ اس سلسلہ میں مجموعی لاگت کا تخمینہ 52 کروڑ 94 لاکھ روپے سے زائد ہے اور فنڈز کی فراہمی کے لئے وزارت پٹرولیم کو تحریر کیا جائے گا۔

کمیٹی نے ہدایت کی کہ اس معاملے پر پیش رفت تیز کی جائے۔ قائمہ کمیٹی نے سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز کے گاﺅں جمن راجپر کو گیس کی فراہمی کے معاملے کا بھی جائزہ لیا۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کے قابل عمل ہونے کے لئے سروے کیا گیا ہے اور گاﺅں کو گیس کی فراہمی کے لئے 1400 کلومیٹر کی توسیع گیس پائپ لائن کی ضرورت ہو گی اور اس پر لاگت 9 ارب روپے آئے گی، اگر وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور ایس این جی پی ایل 2005ء کی مینجمنٹ کی پالیسی اور قدرتی گیس کی تخصیص کے مطابق لاگت کے طریقہ کار کے مطابق فنڈز فراہم کریں تو اس منصوبے پر عملدرآمد کے لئے غور کیا جا سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here