لاہور: پاکستان ریلویز اپنے میگا پروجیکٹ مین لائن ون (ایم ایل-وَن) کا انٹرنیشنل ٹینڈر 12 ستمبر کو جاری کرے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نے کہا کہ فیز وَن میں 30 دسمبر تک کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کا سنگل ٹریک مکمل کریں گے اور سیکنڈ فیز میں اس کو ڈبل ٹریک کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ریلوے کے حوالے سے جو احکامات جاری کیے ہیں ہماری پوری کوشش ہو گی کہ ہم ان پر پورا اتریں۔ چیف جسٹس کی ہدایت پر یہ کام ریلوے کو دیا گیا، ریلوے اس کو جتنی جلدی ممکن ہوا مکمل کرے گا۔
حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کے حوالے سے وزیر ریلویز نے کہا کہ گردوارہ پنجہ صاحب کی اہمیت کے حوالے کے پیش نظر حسن ابدال ریلوے سٹیشن کے کام کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیر اعظم عمران خان اسی مہینے حسن ابدال ریلوے سٹیشن کا افتتاح کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں گندم کی ترسیل کا کام بھی ریلوے کو دیا گیا ہے، اس طرح پاکستان میں آنے والی گندم کی ترسیل کا کام بھی ریلوے کرے گی۔ اس کے علاوہ یورو فائیو ڈیزل کی ترسیل بھی ریلوے کے ذریعے ہی ہو گی۔