وفاقی کابینہ نے طبی مقاصد کے لیے بھنگ کی کاشت کی اجازت دے دی

اس منظوری کے بعد طبی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی مختلف قسم کی بھنگ جہلم کے ہربل میڈیسن پارک میں پچاس ایکڑ کے رقبے پر کاشت کی جائے گی

838

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ہربل میڈیسن پارک جہلم میں طبی مقاصد کےلیے بھنگ کی کمرشل سطح پر کاشت کی اجازت دے دی ۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا ٹوئٹر پر بتانا تھا کہ کابینہ نے طبی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی مختلف قسم کی بھنگ کی کمرشل سطح پر کاشت کے پہلے لائسنس کی منظوری دے دی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ یہ ایک زبردست فیصلہ ہے جس کی بدولت پاکستان عالمی سطح پر بھنگ کی اربوں ڈالر کی مارکیٹ کا حصہ بن پائے گا۔

وفاقی کابینہ کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد جہلم کے ہربل میڈیسن پارک میں پچاس ایکڑ کے رقبے پر بھنگ کاشت کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے:

مالی سال 2019-20ء: کورونا کے باوجود ادویات کی درآمدات میں 12 فیصد کمی

بھارت سے ادویات کی درآمد کے بغیر کورونا سے نمٹنا ممکن نہیں : پاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن

اس پیش رفت کے پس منظر کے حوالے سے ذرائع کا پراٖفٹ اردو کو بتانا تھا 19 جون 2020 کو وزیراعظم ہاؤس کو بھنگ کی کاشت کی اجازت سے متعلق کابینہ سے منظوری لینے کا مشورہ دیا گیا تھا۔

اس چیز کی ضرورت کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹانسز ایکٹ 1997 کے سیکشن چار کے تحت بھی ہوتی ہے کہ منشیات سے متعلق کسی بھی چیز کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ کابینہ کی منظوری سے کیا جائے۔

اس کے بعد وزارت نارکوٹکس کنٹرول نے اس حوالے سے ایک اجلاس کا انعقاد کیا جس میں وزارت تجارت، خوراک اور صحت کے حکام بھی شریک تھے۔

مزید برآں اس حوالے سے وزارت نارکوٹکس کنٹرول میں ایک اور اجلاس بھی ہوا جس کی صدارت وزارت کے سربراہ اعظم سواتی  اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے مشترکہ طور پر کی۔

اجلاس میں فواد چودھری نے طبی مقاصد کے لیے بھنگ کی کاشت میں بہت زیادہ دلچسپی دکھائی۔

اس اجلاس کے بعد نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن نے کابینہ سے بھنگ کی طبی مقاصد کے لیے کاشت کی اجازت طلب کی جو کہ قوانین کے مطابق دے دی گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here