ای کامرس سیکٹر نے 5 سالہ ترقی کا سفر ایک ہی سال میں کیسے طے کیا؟

رواں سال دنیا بھر میں ریٹیل و ڈیپارٹمنٹل سٹورز کے کاروبار میں 60 فیصد کمی کا امکان، ای کامرس کے شعبہ میں 20 فیصد بڑھوتری متوقع، عالمی اقتصادی فورم

817

اسلام آباد: عالمی اقتصادی فورم نے کہا ہے کہ رواں سال کے دوران دنیا بھر میں ای کامرس کے شعبہ میں مجموعی طور پر 20 فیصد کی نمو متوقع ہے۔

یہ بات عالمی اقتصادی فورم نے یو ایس ریٹیل ڈیٹا کے بارے میں آئی بی ایم کی رپورٹ کے حوالہ سے کہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کووڈ۔19 کی وباء کی وجہ سے رواں سال دنیا بھرمیں ریٹیل و ڈیپارٹمنٹل سٹورز کے کاروبار میں مجموعی طور پر 60 فیصد کی کمی کا امکان ہے تاہم دوسری طرف وباء کی وجہ سے آن لائن کاروبار کو فروغ حاصل ہوا اور ای کامرس کے شعبہ نے رواں سال 5 سالہ ترقی کا سفر ایک ساتھ عبور کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سال 2020ء کی پہلی سہ ماہی میں ڈیپارٹمنٹل سٹورز کی فروخت میں 25 فیصد اور دوسری سہ ماہی میں مجموعی طور پر 75 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سال رواں میں ڈیپارٹمنٹل سٹورز کی سیلزمیں 60 فیصد کمی جبکہ ای کامرس کے سیلز میں 20 فیصد اضافہ متوقع ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وباء نے خریداری کے حوالہ سے لوگوں کی ترجیحات کو متاثر کیا ہے، رواں سال کپڑوں اور ملبوسات کی آن لائن خریداری کا رحجان کم ہوا اس کے برعکس گروسریز، مشروبات اور گھروں کو بہتر بنانے والے سامان اور آلات کی فروخت میں بالترتیب 12، 16، اور14 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں امریکی شماریاتی ڈیٹا کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ سال کی دوسری سہ ماہی میں ای کامرس کا حجم 211.5 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 31.8 فیصد زیادہ ہے۔ دوسری سہ ماہی میں ای کامرس کا حجم مجموعی ریٹیل سیلز کا 16.1 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here