کراچی میں بارشیں، ریسٹورنٹ انڈسٹری مشکلات کا شکار، نقصانات کا ازالہ کرنے کا مطالبہ

172

کراچی: آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن (اپرا) کے کنوینر اطہر چاؤلہ نے حالیہ بارشوں کے دوران کراچی بھر کے ریسٹورنٹس میں بھرنے والے پانی کی نکاسی کے اب تک کوئی انتظامات نہ ہونے پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت، ڈی ایچ اے اور سی بی سی کے اعلیٰ حکام سے درخواست کی ہے کہ ریسٹورنٹس انڈسٹری کو مزید تباہی سے بچانے کے لیے پانی کی نکاسی فوری یقینی بنائی جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوسکیں۔

اطہر چاؤلہ نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ حالیہ موسلا دھار بارشوں سے کراچی کے بیشتر علاقوں بالخصوص ڈیفنس، کلفٹن، پی ای سی ایچ ایس، بہادرآباد، نارتھ ناظم آباد، ناگن چورنگی، بفر زون، حیدری، گلشن اقبال، گلستان جوہر سمیت دیگر علاقوں میں واقع ریسٹورنٹس میں بارش کا کئی فٹ پانی بھرگیا ہے جو اب تک نہیں نکالا جا سکا جس کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیاء خراب ہو گئی ہیں جبکہ ریسٹورنٹس کے کچن اورفرنیچر تباہ ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریسٹورنٹس مالکان اپنی مدد آپ کے تحت بارش کا پانی نکال رہے ہیں مگر ریسٹورنٹس کے باہر بارش کا کئی فٹ جمع ہونے سے نکاسی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بارش کا سلسلہ تھمے چار روز گزر گئے مگر ڈی ایچ اے، سی بی سی اور دیگر علاقوں کے متعلقہ اداروں نے ریسٹورنٹس سے بارش کے پانی کی نکاسی کے کوئی انتظاات نہیں کیے۔ ان اداروں کی غفلت اور نااہلی کی وجہ سے ریسٹورنٹس انڈسٹری کو کروڑوں کا نقصان ہوا ہے کیونکہ کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے طویل لاک ڈاؤن سے ریسٹورنٹس انڈسٹری کو اتنا مالی نقصان نہیں ہوا جتنا حالیہ بارشوں سے ہوا ہے۔

اطہر چاؤلہ نے مزید کہا کہ جن علاقوں میں پانی کم ہو گیا ہے وہاں کے الیکٹرک بجلی بحال کرے جبکہ ریسٹورنٹس انڈسٹری کو حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے مالی مدد کی جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں بصورت دیگر ریسٹورنٹس انڈسٹری سے وابستہ لاکھوں افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here