رواں ہفتے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کو حتمی شکل دی جائے: وزیراعظم

کراچی کے عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کرسکتے، وفاق کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کیلئے اپنا پھرپور کردار ادا کرے گا، عمران خان کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

140

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے، وفاق کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کیلئے اپنا پھرپور کردار ادا کرے گا، رواں ہفتے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کو حتمی شکل دی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت کراچی کے مسائل کے مستقل حل کے لئے “کراچی ٹرانسفارمیشن پلان” کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی (ویڈیو لنک) گورنر سندھ عمران اسمعیل، چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹنٹ جنرل محمد افضل، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز و سینئر افسران شریک ہوئے۔

وزیرِ اعظم کو شہر قائد کے مسائل، پانی، سیوریج، نالوں کی صفائی، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے عوام کو درپیش مشکلات اور ان مسائل کے مستقل حل کے لئے مجوزہ “کراچی ٹرانسفارمیشن پلان” پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزارتِ منصوبہ بندی کی جانب سے “کراچی ٹرانسفارمیشن پلان” کے حوالے سے وزیراعظم کو پریزنٹیشن بھی دی۔ پلان کراچی کے مسائل اور پاکستان کے معاشی حب کی ترقیاتی ضروریات کو مد نظر رکھ کر تشکیل دیا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم نے کراچی کے مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے۔ کراچی میں سالہا سال سے درپیش عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے، عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔ کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کے لئے وفاق اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے رواں ہفتے “کراچی ٹرانسفارمیشن پلان” کو حتمی شکل دی جائے تاکہ اس کی باقاعدہ منظوری اور عمل درآمد کا کام شروع کیا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here