ٹک ٹاک کے سی ای او کیون مائر عہدے سے مستعفی

619

واشنگٹن: چینی سوشل میڈیا وڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیون مائر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

کیون مائر کے استعفے کی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کمپنی کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی کا عندیہ ہے، انھیں دوماہ قبل ہی اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔

وائس آف امریکا کے مطابق کیون مائر نے دو ماہ قبل ہی ڈزنی لینڈ کے اعلیٰ عہدے سے مستعفی ہو کر ٹک ٹاک کی قیادت سنبھالی تھی، وہ امریکی صدر کی ٹک ٹاک پر تنقید، اس کی سرگرمیوں کو ملکی سلامتی کے لیے خطرناک قرار دینے اور امریکا میں ٹک ٹاک کا کاروبار تین ماہ میں ختم کرنے کی دھمکی کے بعد اس کی قیادت سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

کیون مائر نے ملازمین کے نام اپنے ایک خط میں کہا ہے ’حالیہ ہفتوں میں سیاسی ماحول جس تیزی سے تبدیل ہوا ہے، میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ کاروباری ساخت میں کس طرح کی تبدیلیوں کی ضرورت ہو گی اور اس عالمی کردار کے کیا معنی ہیں جس کے لیے میں نے دستخط کیے ہیں، اس لیے میں نے کمپنی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

ادھر ٹک ٹاک کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ادارہ کیون مائر کے کردار کو مزید آگے بڑھائے گا اور ہم ان کے ساتھ گزرے اچھے وقت کے لیے ان کے مشکور ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here